آیت 15
 

لَقَدۡ کَانَ لِسَبَاٍ فِیۡ مَسۡکَنِہِمۡ اٰیَۃٌ ۚ جَنَّتٰنِ عَنۡ یَّمِیۡنٍ وَّ شِمَالٍ ۬ؕ کُلُوۡا مِنۡ رِّزۡقِ رَبِّکُمۡ وَ اشۡکُرُوۡا لَہٗ ؕ بَلۡدَۃٌ طَیِّبَۃٌ وَّ رَبٌّ غَفُوۡرٌ﴿۱۵﴾

۱۵۔بتحقیق(اہل) سبا کے لیے ان کی آبادی میں ایک نشانی تھی، (یعنی) دو باغ دائیں اور بائیں تھے، اپنے رب کے رزق سے کھاؤ اور اس کا شکر ادا کرو، ایک پاکیزہ شہر (ہے) اور بڑا بخشنے والا رب۔

تفسیر آیات

۱۔ لَقَدۡ کَانَ لِسَبَاٍ فِیۡ مَسۡکَنِہِمۡ اٰیَۃٌ: سبا ایک قوم کا نام ہے جو یمن کے جنوبی علاقے میں آباد تھی۔ یہ علاقہ نہایت سرسبز تھا۔ آج بھی کچھ سرسبزی باقی ہے۔ یہ قوم اس زمانے کی ایک ترقی یافتہ قوم تھی۔ چنانچہ اس نے جنوب سے آنے والا پانی ذخیرہ کرنے کے لیے دو پہاڑیوں کے درمیان ایک بند باندھا تھا۔ یہ بند سد مآرب کے نام سے مشہور تھا۔ کتاب وصف جزیرۃ العرب کے مطابق بند صرف چھ سو ہاتھ چوڑا تھا۔ ان دونوں پہاڑیوں کا نام بلن تھا۔ بارشوں کے وقت سیلاب سے تباہی ہوتی، دوسرے دنوں میں پانی کی شدید قلت ہوتی تھی۔ سد بند کی جگہ اور مآرب کے شہر کے درمیان تین ہزار مربع میل زمین بنجر، غیر آباد تھی۔ اس بند کے بعد پورا علاقہ سرسبز باغات میں بدل گیا تھا۔

اس بند کے کھنڈرات سے دستیاب ہونے والے قدیم کتبوں کے مطابق سنہ ۵۴۳ عیسوی کو ابرہہ نے اس بند کی مرمت کی ہے لہٰذا اس بند کی تباہی کی تاریخ میں یاقوت کی روایت قرین قیاس معلوم ہوتی ہے جو کہتی ہے کہ چھٹی صدی عیسوی میں بند تباہ ہو گیا تھا۔

۲۔ اٰیَۃٌ: اللہ کی وحدانیت اور اس کی ربوبیت ہر ایک میں دلیل موجود تھی۔ اس دلیل کی تفصیل یہ ہے: جَنَّتٰنِ عَنۡ یَّمِیۡنٍ وَّ شِمَالٍ اس علاقے انسان جہاں بھی جاتا دائیں اور بائیں طرف باغات ہی نظر آتے تھے۔ نعمت کی فراوانی تھی۔ اللہ کی ربوبیت کی علامتیں آشکار تھیں۔

۳۔ کُلُوۡا مِنۡ رِّزۡقِ رَبِّکُمۡ وَ اشۡکُرُوۡا لَہٗ: اللہ کی عطا کردہ نعمتوں سے فائدہ اٹھاؤ۔ یہ نعمتیں تمہارے لیے پیدا کی گئی ہیں۔ البتہ ان نعمتوں کے دوام کے لیے وَاشْكُرُوْا لَہٗ شکر ادا کرنا ضروری ہے ورنہ یہ نعمتیں تم سے چھن جائیں گی۔

۴۔ بَلۡدَۃٌ طَیِّبَۃٌ وَّ رَبٌّ غَفُوۡرٌ: آبادی پاکیزہ ہے۔ یہاں موذی چیزیں نہیں ہیں۔ بعض مفسرین کے مطابق طَیِّبَۃٌ کا مطلب یہ ہے کہ زمین زرخیز، ہوا پاکیزہ اور پانی شیریں ہے۔ سردی گرمی بھی شدید نہیں ہے۔

اہم نکات

۱۔ اللہ کی ربوبیت کی ایک نشانی سرزمین کی شادابی ہے۔

۲۔ شکرگزاری کے لیے نعمتیں حلال ہیں: کُلُوۡا مِنۡ رِّزۡقِ رَبِّکُمۡ وَ اشۡکُرُوۡا لَہٗ۔۔۔۔


آیت 15