آیت 71
 

یُّصۡلِحۡ لَکُمۡ اَعۡمَالَکُمۡ وَ یَغۡفِرۡ لَکُمۡ ذُنُوۡبَکُمۡ ؕ وَ مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ فَقَدۡ فَازَ فَوۡزًا عَظِیۡمًا﴿۷۱﴾

۷۱۔ اللہ تمہارے اعمال کی اصلاح فرمائے گا اور تمہارے گناہ معاف فرمائے گا اور جس نے اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کی پس اس نے عظیم کامیابی حاصل کی۔

تفسیر آیات

۱۔ یُّصۡلِحۡ لَکُمۡ اَعۡمَالَکُمۡ: قول سدید اور گفتار کی سلامتی کا نتیجہ اعمال کی اصلاح ہے بہت سے اعمال کی اصلاح گفتار کی سلامتی پر موقوف ہے۔ جب زبان گرفت میں رہے تو بہتان، جھوٹ، بہت سے فحشاء و منکرات سے انسان محفوظ رہ سکتا ہے۔

۲۔ وَ یَغۡفِرۡ لَکُمۡ ذُنُوۡبَکُمۡ: جب زبان کے کبیرہ گناہوں سے انسان اجتناب کرتا ہے تو دوسرے گناہوں کو اللہ معاف فرماتا ہے:

اِنۡ تَجۡتَنِبُوۡا کَبَآئِرَ مَا تُنۡہَوۡنَ عَنۡہُ نُکَفِّرۡ عَنۡکُمۡ سَیِّاٰتِکُمۡ۔۔۔۔ (۴ نساء: ۳۱)

اگر تم ان بڑے بڑے گناہوں سے اجتناب کرو جن سے تمہیں منع کیا گیا ہے تو ہم تمہارے (چھوٹے چھوٹے) گناہ معاف کر دیں گے۔

۳۔ وَ مَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَ رَسُوۡلَہٗ: انسان کی دائمی سعادت اور ابدی کامیابی اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اطاعت میں مضمر ہے۔ ایسے اطاعت گزار کے لیے اس آیت کے یہ الفاظ فَقَدۡ فَازَ فَوۡزًا عَظِیۡمًا اس نے عظیم کامیابی حاصل کی، بہت بڑی خوش خبری ہے۔


آیت 71