آیت 49
 

یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡۤا اِذَا نَکَحۡتُمُ الۡمُؤۡمِنٰتِ ثُمَّ طَلَّقۡتُمُوۡہُنَّ مِنۡ قَبۡلِ اَنۡ تَمَسُّوۡہُنَّ فَمَا لَکُمۡ عَلَیۡہِنَّ مِنۡ عِدَّۃٍ تَعۡتَدُّوۡنَہَا ۚ فَمَتِّعُوۡہُنَّ وَ سَرِّحُوۡہُنَّ سَرَاحًا جَمِیۡلًا﴿۴۹﴾

۴۹۔ اے مومنو! جب تم مومنات سے نکاح کرو اور پھر ہاتھ لگانے سے پہلے انہیں طلاق دے دو تو تمہیں کوئی حق نہیں پہنچتا کہ انہیں عدت میں بٹھاؤ، لہٰذا انہیں کچھ مال دو اور شائستہ انداز میں انہیں رخصت کرو۔

تفسیر آیات

۱۔ اِذَا نَکَحۡتُمُ الۡمُؤۡمِنٰتِ: نکاح اس عقد کو کہتے ہیں جو مرد و زن کے درمیان باندھا جاتا ہے تاکہ دونوں زوجین (میاں بیوی) ہو جائیں۔ لغت میں اگرچہ نکاح، تزویج اور ہمبستری دونوں معنوں میں استعمال ہوا ہے مگر قرآن میں یہ لفظ صرف تزویج کے معنوں میں استعمال ہوا ہے۔ تَمَسُّوۡہُنَّ میں مس کرنا، چھونا، اشارہ ہے ہمبستری کی طرف۔ عدت، اس مدت کو کہتے ہیں جو عورت کو اپنے شوہر سے طلاق یا وفات کی وجہ سے فارغ ہونے کے بعد گزارنا پڑتی ہے جس کے بعد اس کے لیے دوسری شادی کرنا جائز ہو جاتا ہے۔

۲۔ ثُمَّ طَلَّقۡتُمُوۡہُنَّ: نکاح کے بعد ہمبستری سے پہلے اگر طلاق ہو جائے تو عدت ٹھہرنا واجب نہیں ہے۔ چونکہ ہمبستری نہ ہونے کی وجہ سے عورت کا رحم فارغ ہے لہٰذا وہ طلاق ملتے ہی دوسرا عقد کر سکتی ہے۔

۳۔ فَمَتِّعُوۡہُنَّ وَ سَرِّحُوۡہُنَّ: تمتع مال کو کہتے ہیں۔ طلاق دینے کے بعد انہیں کچھ مال دے کر اچھے طریقے سے فارغ کرو۔ یہ اس صورت کی بات ہے کہ اگر مہر کا تعیّن نہ ہوا ہو۔ اگر مہر کا تعین ہوا ہے تو سورہ بقرہ آیت ۲۳۷ میں فرمایا نصف مہر ادا کرنا ہے:

وَ اِنۡ طَلَّقۡتُمُوۡہُنَّ مِنۡ قَبۡلِ اَنۡ تَمَسُّوۡہُنَّ وَ قَدۡ فَرَضۡتُمۡ لَہُنَّ فَرِیۡضَۃً فَنِصۡفُ مَا فَرَضۡتُمۡ۔۔۔۔

اور اگر تم عورتوں کو ہاتھ لگانے سے قبل اور ان کے لیے مہر متعین کر چکنے کے بعد طلاق دو تو اس صورت میں تمہیں اپنے مقرر کردہ مہر کا نصف ادا کرنا ہو گا۔

اور اگر ہاتھ لگانے اور مہر معین کرنے سے پہلے طلاق دی جائے تو اس صورت میں کچھ مال دیا جائے۔ مالدار اپنی وسعت کے مطابق اور غریب اپنی وسعت کے مطابق دے۔ یہ حکم سورہ بقرہ آیت ۲۳۶ میں آ گیا ہے۔

اہم نکات

۱۔ نکاح کے بعد ہمبستری سے پہلے طلاق ہو جائے تو:

الف: حق مہر کا تعین ہو گیا ہے تو اس کا نصف دیا جائے۔

ب: اگر حق مہر کا تعین نہیں ہوا تو کچھ مال دیا جائے۔ امیر اور غریب اپنی اپنی وسعت کے مطابق دیں۔


آیت 49