آیت 19
 

یُخۡرِجُ الۡحَیَّ مِنَ الۡمَیِّتِ وَ یُخۡرِجُ الۡمَیِّتَ مِنَ الۡحَیِّ وَ یُحۡیِ الۡاَرۡضَ بَعۡدَ مَوۡتِہَا ؕ وَ کَذٰلِکَ تُخۡرَجُوۡنَ﴿٪۱۹﴾

۱۹۔ اور وہ زندہ کو مردے سے نکالتا ہے اور مردے کو زندہ سے نکالتا ہے اور زمین کو اس کی موت کے بعد زندہ کرتا ہے اور اسی طرح تم بھی نکالے جاؤ گے۔

تفسیر آیات

زندگی مردہ مادے کی گود میں پلتی ہے اور بہت سے مردہ مواد ایسے ہیں جو زندہ نامی اجسام کی پیداوار ہیں۔

اگرچہ زندگی کا مصدر زندگی ہی ہوتی ہے تاہم اس زندگی کو اللہ تعالیٰ مردہ مادے کو گود میں پالتا ہے۔ اسی سے فرمایا:

وَ لَقَدۡ خَلَقۡنَا الۡاِنۡسَانَ مِنۡ سُلٰلَۃٍ مِّنۡ طِیۡنٍ ﴿﴾ (۲۳ مومنون: ۱۲)

اور بتحقیق ہم نے انسان کو مٹی کے جوہر سے بنایا۔

زمین میں یہ مناظر ہمیشہ ہماری نظروں میں ہوتے ہیں۔ بہار کی زندگی کو خزاں کی موت فنا کر دیتی ہے۔ ہری بھرا کھیت یکایک خاک میں تبدیل ہو جاتا ہے اور پھر اس خاک سے حیات نو بڑی تیزی کے ساتھ سر اُٹھاتی ہے۔

وَ کَذٰلِکَ تُخۡرَجُوۡنَ: تم بھی جب خاک کے ذروں میں تبدیل ہو جاؤ گے، ان ذرات کو جمع کر کے دوبارہ اٹھانا اسی طرح ہو گا جس کا مظاہرہ تم روز دیکھتے ہو۔


آیت 19