آیت 185
 

کُلُّ نَفۡسٍ ذَآئِقَۃُ الۡمَوۡتِ ؕ وَ اِنَّمَا تُوَفَّوۡنَ اُجُوۡرَکُمۡ یَوۡمَ الۡقِیٰمَۃِ ؕ فَمَنۡ زُحۡزِحَ عَنِ النَّارِ وَ اُدۡخِلَ الۡجَنَّۃَ فَقَدۡ فَازَ ؕ وَ مَا الۡحَیٰوۃُ الدُّنۡیَاۤ اِلَّا مَتَاعُ الۡغُرُوۡرِ﴿۱۸۵﴾

۱۸۵۔ہر جاندار کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے اور تمہیں تو قیامت کے دن پورا اجر و ثواب ملے گا (در حقیقت) کامیاب وہ ہے جسے آتش جہنم سے بچا کر جنت میں داخل کر دیا جائے، (ورنہ) دنیاوی زندگی تو صرف فریب کا سامان ہے۔

تفسیر آیات

احد میں پیش آنے والے واقعات پر چند ایک تنبیہی تبصروں کے بعد دعوت حق کو پیش آنے والی مشکلات کی طرف ایک ہلکا سا اشارہ فرمایا۔ اس کے بعد کلام کا رخ براہ راست مسلمانوں کی طرف ہو گیا اور ان اقدار کی طرف اشارہ فرمایا جنہیں اپنی زندگی کا مقصد قرار دینا چاہیے، جن کے لیے جہاد کرناچاہیے اور جن کی راہ میں مشکلات پر صبر کرنا چاہیے اور پھر کامیابی کا تصور کرنا چاہیے۔اسی تناظر میں ارشاد ہورہا ہے:

۱۔ کُلُّ نَفۡسٍ ذَآئِقَۃُ الۡمَوۡتِ: یہ ارضی زندگی عارضی ہے۔ اس نے گزر جانا ہے۔ اس وقتی زندگی کو کامیابی اور ناکامی کا معیار نہیں بنانا چاہیے۔ یہاں کسی کو فراوان نعمتیں دی گئی ہیں، کوئی جاہ و جلالت کی کرسی پر متمکن ہے توکوئی مصائب و مشکلات میں مبتلا ہے۔ یہ امور حق و باطل اور کامیابی و ناکامی کے حتمی نتائج نہیں ہیں۔ احد میں اگر کچھ لوگ قتل ہو گئے ہیں، یہ بات ذہن نشین کر لی جائے، ہر نفس کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے۔ اگر نہ مرنے والا مر جاتا تو افسوس کا مقام ہوتا، مرنے والے نے موت کا ذائقہ چکھا ہے اور راہ خدا میں شہادت کے مقام پر فائز ہو کر چکھا ہے، جو شہد سے بھی زیادہ شیرین ہے۔

۲۔ وَاِنَّمَا تُوَفَّوْنَ اُجُوْرَكُمْ: یہ عام موت کی طرح بھی نہیں ہے۔ اس موت کے پیچھے اجر عظیم ہے، جو تمہیں پورا ملے گا۔

۳۔ فَمَنۡ زُحۡزِحَ عَنِ النَّارِ: کامیابی وہ ہے جو ابدی ہو، لازوال ہو۔ وہ آتش جہنم سے نجات اور جنت میں داخل ہونے میں ہے۔

۴۔ وَ مَا الۡحَیٰوۃُ الدُّنۡیَاۤ: اس تصور کے تحت اس وقتی زندگی کو نہیں، بلکہ حیات ابدی کو کامیابی کا معیار بنانا چاہیے۔ چنانچہ اس آیت میں فرمایا: دنیاوی زندگی تو ایک فریب ہے۔ کامیاب وہ ہے جو عذاب جہنم سے نجات حاصل کر کے جوار رحمت میں جگہ حاصل کر سکے۔

۵۔ اس آزمائشی اور وقتی زندگی میں اجر و ثواب کی توقع نہ رکھو۔ یہ دار عمل ہے، دار ثواب نہیں ہے۔ اس لیے روز قیامت سارے کا سارا اجر و ثواب پاؤ گے۔


آیت 185