آیات 126 - 127
 

وَ مَا جَعَلَہُ اللّٰہُ اِلَّا بُشۡرٰی لَکُمۡ وَ لِتَطۡمَئِنَّ قُلُوۡبُکُمۡ بِہٖ ؕ وَ مَا النَّصۡرُ اِلَّا مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ الۡعَزِیۡزِ الۡحَکِیۡمِ﴿۱۲۶﴾ۙ

۱۲۶۔ اور یہ بات اللہ نے صرف تمہاری خوشی اور اطمینان قلب کے لیے کی ہے، اور فتح و نصرت صرف اللہ ہی کی جانب سے ہے جو بڑا غالب آنے والا ، حکمت والا ہے۔

لِیَقۡطَعَ طَرَفًا مِّنَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اَوۡ یَکۡبِتَہُمۡ فَیَنۡقَلِبُوۡا خَآئِبِیۡنَ﴿۱۲۷﴾

۱۲۷۔(اس مدد کا مقصد یہ ہے کہ) کافروں کے ایک دستے کو کاٹ دے یا انہیں ذلیل و خوار کر دے تاکہ وہ نامراد پسپا ہو جائیں۔

تشریح کلمات

یَکۡبِتَہُمۡ:

( ک ب ت ) کبت ۔ کسی کو سختی اور ذلت کے ساتھ واپس کر دینا۔

خَآئِبِیۡنَ:

( خ ی ب ) الخیبۃ۔ ناکام ہونا۔ امید و توقع کے بعد ناکام ہونے کو خیبۃ الامل کہتے ہیں۔

تفسیرآیات

۱۔ وَ مَا جَعَلَہُ اللّٰہُ اِلَّا بُشۡرٰی لَکُمۡ وَ لِتَطۡمَئِنَّ قُلُوۡبُکُمۡ: اس جملے سے واضح ہوا کہ فرشتوں کا نزول روحانی کمک کے لیے تھا۔ یعنی اسلامی سپاہیوں میں جس جس کے دل میں تقویٰ اور صبرکا مایہ موجود تھا، اس دل پر فرشتوں کا نزول ہوا۔ فرشتوں کے نزول سے اس دل میں روحانی طاقت آگئی اور دشمن کو شکست سے دوچار کر دیا۔ چنانچہ اس آیت میں فرمایا: اس غیبی امداد کا مقصد تمہاری روحانی تقویت اور اطمینان قلب ہے۔

۲۔ وَ مَا النَّصۡرُ اِلَّا مِنۡ عِنۡدِ اللّٰہِ: نیز یہ باور کرانے کے لیے کہ فتح و نصرت صرف اللہ کی جانب سے ہے۔

۳۔ لِیَقۡطَعَ طَرَفًا: تاکہ اس فتح و نصرت سے کفار کا ایک بازو کٹ جائے یا وہ ذلیل و خوار ہو کر شکست کھا جائیں۔ چنانچہ جنگ بدرمیں ایسا ہی ہوا۔ کفارکے ستر (۷۰) سرکردہ افراد مارے گئے اور ستر (۷۰) اسیر ہو گئے اور باقی ذلت و خواری کے ساتھ پسپا ہو گئے۔

اللہ تعالیٰ کی تائید کی اہلیت حاصل کرنے پر یہ سب کچھ خود مسلمانوں کے ہاتھوں ہوا۔ جیساکہ سنت الٰہی یہی ہے کہ ارتقا و تکامل کے لیے خود بندوں کو آزمائش میں ڈال دیا جاتا ہے۔ ورنہ اگر اللہ تعالیٰ اپنی طاقت استعمال کرے تو نہ آزمائش ہو گی اور نہ ہی ارتقا قابل تصور رہے گا، بلکہ عاقل انسان کو مکلف بنانے کا فلسفہ ہی ختم ہو جائے گا۔

اہم نکات

۱۔ غیبی امداد کے حصول کے لیے اہلیت اور استحقاق بنیادی شرط ہے، جب کہ اہلیت و استحقاق کے لیے آزمائش میں کامیابی شرط ہے۔

۲۔ غیبی امدا د کا مقصد انسان کی روحانی تقویت اور اطمینان قلب ہے: وَ لِتَطۡمَئِنَّ قُلُوۡبُکُمۡ ۔۔۔۔


آیات 126 - 127