آیت 60
 

وَ کَاَیِّنۡ مِّنۡ دَآبَّۃٍ لَّا تَحۡمِلُ رِزۡقَہَا ٭ۖ اَللّٰہُ یَرۡزُقُہَا وَ اِیَّاکُمۡ ۫ۖ وَ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡعَلِیۡمُ﴿۶۰﴾

۶۰۔ اور بہت سے جانور ایسے ہیں جو اپنا رزق اٹھائے نہیں پھرتے، اللہ ہی انہیں رزق دیتا ہے اور تمہیں بھی اور وہ بڑا سننے والا، جاننے والا ہے۔

تفسیر آیات

ہجرت کی صورت میں یہ نہ سوچو، کاروبار اور گھر چھوڑنے کے بعد پردیس میں کہاں سے کھائیں گے؟ اس سلسلے میں ان حیوانات سے سبق سیکھو جو اپنا رزق ذخیرہ نہیں کرتے۔ اللہ ہر روز کی روزی ان کو عنایت فرماتا ہے۔

بعض حیوانات انسان کی طرح روزی ذخیرہ کرتے ہیں۔ جیسے چوہا، چیونٹی وغیرہ مگر بہت سے حیوانات و حشرات ایسے ہیں جو ایک دن کی روزی بھی ذخیرہ نہیں کرتے۔ وہ اپنے بل یا گھونسلے سے بھوکے نکل جاتے ہیں اور شکم سیر واپس آتے ہیں۔

ہمارے معاصر تارکین وطن سے تو اس طرح خطاب ہے : اپنے وطن میں رہ کر یہ نہ سوچو ہم کہاں سے کھائیں گے۔ تمہیں دین کے ساتھ وطن میں بھی روزی میسر آئے گی۔

اہم نکات

۱۔ روزی اللہ کے ذمے ہے۔ اس کی فکر مت کرو۔ جو کام تمہارے ذمے ہے اس کی فکر کرو۔


آیت 60