آیت 60
 

وَ الۡقَوَاعِدُ مِنَ النِّسَآءِ الّٰتِیۡ لَا یَرۡجُوۡنَ نِکَاحًا فَلَیۡسَ عَلَیۡہِنَّ جُنَاحٌ اَنۡ یَّضَعۡنَ ثِیَابَہُنَّ غَیۡرَ مُتَبَرِّجٰتٍۭ بِزِیۡنَۃٍ ؕ وَ اَنۡ یَّسۡتَعۡفِفۡنَ خَیۡرٌ لَّہُنَّ ؕ وَ اللّٰہُ سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ﴿۶۰﴾

۶۰۔ اور جو عورتیں (ـضعیف العمری کی وجہ سے) خانہ نشین ہو گئی ہوں اور نکاح کی توقع نہ رکھتی ہوں ان کے لیے اپنے (حجاب کے) کپڑے اتار دینے میں کوئی حرج نہیں ہے بشرطیکہ زینت کی نمائش کرنے والیاں نہ ہوں تاہم عفت کا پاس رکھنا ان کے حق میں بہتر ہے اور اللہ بڑا سننے والا، خوب جاننے والا ہے۔

تشریح کلمات

مُتَبَرِّجٰتٍۭ:

( ب ر ج ) التبرج عورت کا اپنے اس حسن کا اظہار، جو چھپانا لازم ہے۔ اصل میں تبرج ظہور کو کہتے ہیں۔ اسی سے بلند عمارت کو برج کہتے ہیں چونکہ وہ نمایاں ہوتی ہے۔ (مجمع البیان)

تفسیر آیات

۱۔ وَ الۡقَوَاعِدُ مِنَ النِّسَآءِ: القواعد، قاعد کی جمع ہے۔ عورتوں سے مخصوص ہونے کی وجہ سے مؤنث صیغہ قاعدۃ نہیں بنایا جاتا جیسے حائض ۔ سن رسیدہ عورتوں کو قواعد اس لیے کہا ہے کہ لانہن یکثرن العقود لکبر سنھن ۔ عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے اکثر بیٹھا کرتی ہیں۔ بعض نے کہا ہے: قاعدۃ فی بیتھا ۔ جو خانہ نشین ہو گئی ہوں۔

۲۔ الّٰتِیۡ لَا یَرۡجُوۡنَ نِکَاحًا: ضعیف العمری کی وجہ سے نکاح اور ازدواج کی توقع ختم ہو گئی ہے۔ یعنی وہ اس قدر عمر رسیدہ ہو گئی ہیں کہ ان میں جنسی کشش ختم ہوگئی ہے۔

۳۔ فَلَیۡسَ عَلَیۡہِنَّ جُنَاحٌ: ایسی سن رسیدہ عورتیں اگر حجاب نہ کریں تو کوئی حرج نہیں ہے۔

۴۔ اَنۡ یَّضَعۡنَ ثِیَابَہُنَّ: وہ کپڑے جو نامحرموں سے پردے کے لیے ہوتے ہیں، جن سے سینہ اور گردن چھپائے جاتے ہیں۔ قرآن میں پردے کے بارے میں جس لباس کا ذکر آیا ہے اسے اتار کر رکھنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ وہ لباس جلباب اور خمار ہیں۔ ( جلباب کی تشریح کے لیے سورہ احزاب آیت ۵۹، خمار کے لیے سورہ نور آیت ۳۱ ملاحظہ فرمائیں) چنانچہ حدیث میں انہی دو لباسوں کا ذکر ہے۔ (الوسائل کتاب نکاح)

۵۔ غَیۡرَ مُتَبَرِّجٰتٍۭ: البتہ یہ اجازت اس حد تک ہے کہ عورت کے وہ محاسن اور زیب و زینت ظاہر نہ ہوں جن کا چھپانا وَ لَا یُبۡدِیۡنَ زِیۡنَتَہُنَّ اِلَّا لِبُعُوۡلَتِہِنَّ (۲۴ نور:۳۱) کے تحت واجب ہے۔

۶۔ وَ اَنۡ یَّسۡتَعۡفِفۡنَ خَیۡرٌ لَّہُنَّ: عفت شعاری ہر حالت میں خواتین کی عزت، وقار کے لیے بہتر ہے۔ ابتذال اور لاپرواہی سے شخصیت مجروح ہوتی ہے۔

۷۔ وَ اللّٰہُ سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ: ان پردوں کے پیچھے ہر حرکت سے اللہ واقف ہے۔

اہم نکات

۱۔ سن رسیدہ خواتین کے لیے ایک سہولت کے ذکر کے ساتھ حفظ وقار کی نصیحت ہے۔


آیت 60