آیات 47 - 49
 

وَ یَقُوۡلُوۡنَ اٰمَنَّا بِاللّٰہِ وَ بِالرَّسُوۡلِ وَ اَطَعۡنَا ثُمَّ یَتَوَلّٰی فَرِیۡقٌ مِّنۡہُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ ذٰلِکَ ؕ وَ مَاۤ اُولٰٓئِکَ بِالۡمُؤۡمِنِیۡنَ﴿۴۷﴾

۴۷۔ اور یہ لوگ کہتے ہیں: ہم اللہ پر اور رسول پر ایمان لائے اور ہم نے اطاعت بھی کی پھر اس کے بعد ان میں سے ایک گروہ پھر جاتا ہے، یہ لوگ مومن ہی نہیں ہیں۔

وَ اِذَا دُعُوۡۤا اِلَی اللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ لِیَحۡکُمَ بَیۡنَہُمۡ اِذَا فَرِیۡقٌ مِّنۡہُمۡ مُّعۡرِضُوۡنَ﴿۴۸﴾

۴۸۔ اور جب انہیں اللہ اور اس کے رسول کی طرف بلایا جاتا ہے تاکہ وہ ان کے درمیان فیصلہ کر دے تو ان میں سے ایک فریق منہ پھیر لیتا ہے۔

وَ اِنۡ یَّکُنۡ لَّہُمُ الۡحَقُّ یَاۡتُوۡۤا اِلَیۡہِ مُذۡعِنِیۡنَ ﴿ؕ۴۹﴾

۴۹۔ اور اگر حق ان کے موافق ہو تو فرمانبردار بن کر رسول کی طرف آ جاتے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ یَقُوۡلُوۡنَ اٰمَنَّا بِاللّٰہِ: اس آیت سے ایک سلسلہ کلام ان لوگوں کے بارے میں شروع ہو رہا ہے جو ایمان کا دعویٰ کرتے ہیں مگر جب اس ایمان پر عمل کرنے کی نوبت آتی ہے تو ان کی بے ایمانی فاش ہو جاتی ہے۔

۲۔ وَ اَطَعۡنَا: ان منافقین کو بھی علم تھا کہ اطاعت کے بغیر ایمان کا دعویٰ نہیں سنایا جائے گا۔ اس لیے ایمان کے دعویٰ کے ساتھ اطاعت کا بھی وعدہ اور عہد دیا لیکن جب عمل کی نوبت آئی تو ان کے ایمان کے دعوے اور اطاعت کے عہد کی حقیقت کھل کر سامنے آگئی۔

۳۔ وَ اِذَا دُعُوۡۤا اِلَی اللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ لِیَحۡکُمَ بَیۡنَہُمۡ: روایات کے مطابق یہ آیت اس وقت نازل ہوئی جب کچھ منافقین کو اپنے اختلافات و نزاع کے فیصلے کے لیے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی طرف رجوع کرنے کے لیے کہا گیا تو رجوع کرنے سے انکار کیا۔

ایک روایت کے مطابق ایک منافق اور ایک یہودی کے درمیان نزاع تھا۔ یہودی نے رسول اللہؐ کو حَکَمْ بنایا لیکن منافق کعب بن الاشرف نے یہودی کو حَکَمْ بنایا۔ اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔

واضح رہے کہ قرآنی تصریحات کے مطابق اس ایمان کی کوئی قیمت نہیں جس کے نتیجے میں ایک کردار سامنے نہیں آتا۔ دوسرے لفظوں میں اگر کسی کا ایمان اس کے کردار میں مؤثر نہیں ہے تو ایسا ایمان اس شخص کی نجات کے لیے مؤثر نہیں ہے۔

۴۔ وَ اِنۡ یَّکُنۡ لَّہُمُ الۡحَقُّ یَاۡتُوۡۤا اِلَیۡہِ مُذۡعِنِیۡنَ: اگر فیصلہ اس کے حق میں ہونے والا ہے تو وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔ درحقیقت وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے فیصلے پر نہیں اپنے مفاد پر ایمان رکھتے ہیں۔


آیات 47 - 49