آیت 265
 

وَ مَثَلُ الَّذِیۡنَ یُنۡفِقُوۡنَ اَمۡوَالَہُمُ ابۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ اللّٰہِ وَ تَثۡبِیۡتًا مِّنۡ اَنۡفُسِہِمۡ کَمَثَلِ جَنَّۃٍۭ بِرَبۡوَۃٍ اَصَابَہَا وَابِلٌ فَاٰتَتۡ اُکُلَہَا ضِعۡفَیۡنِ ۚ فَاِنۡ لَّمۡ یُصِبۡہَا وَابِلٌ فَطَلٌّ ؕ وَ اللّٰہُ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ بَصِیۡرٌ﴿۲۶۵﴾

۲۶۵۔ اور جو لوگ اپنا مال اللہ کی خوشنودی کی خاطر اور ثبات نفس سے خرچ کرتے ہیں، ان کی مثال اس باغ کی سی ہے جو اونچی جگہ پر واقع ہو، جس پر زور کا مینہ برسے تو دگنا پھل دے اور اگر تیز بارش نہ ہو تو ہلکی پھوار بھی کافی ہو جائے اور اللہ تمہارے اعمال کو خوب دیکھنے والا ہے۔

تشریح کلمات

رَبوَۃ:

( رب و ) بلند جگہ یا ٹیلہ۔ ربا بھی اسی سے مشتق ہے۔ چنانچہ سود خور کی مالی طاقت میں روز بروز اضافے کے پیش نظر سود کو ربا کہتے ہیں۔

طَل:

( ط ل ل ) بہت ہلکی بارش۔ طل الارض زمین پر اوس پڑی۔

تفسیر آیات

انفاق کی مثبت اور نتیجہ خیز صورت پیش کی جا رہی ہے کہ اگر اس نیک عمل کے پیچھے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی جیسے پاک عوامل اور جذبات کارفرما ہوں اور انفاق کے بعد بھی یہی پاک جذبات اور نیک نیتی قائم رہے، پھر نہ احسان جتایا جائے اور نہ ایذا رسانی ہو تو ایسا انفاق معاشرے اور لوگوں کے اذہان و قلوب پر گہرے اور مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ کیونکہ اس عمل کی جڑیں بہت گہری ہوتی ہیں جو اس انفاق کے پیچھے نہ سخت چٹان سے ملتی ہیں جس سے وہ سوکھ جائے اور نہ اس کے چہرے پر ہلکی مٹی کا نقاب ہے جو مینہ سے دھل جائے، بلکہ وہ ایسی زرخیز مٹی اور اونچی جگہ پر واقع ایسے باغ کی طرح ہے کہ بارش اس کی مٹی کو بہا کر نہیں لے جا سکتی بلکہ اسے سرسبز و شاداب بنا دیتی ہے اور اس کی پیداوار کو دوگنا کر دیتی ہے۔ اس پاک اور زرخیز مٹی کے لیے تو ہلکی بوندا باندی بھی کافی ہوتی ہے۔

پاک جذبات کے تحت ہونے والا انفاق زرخیز باغ کی طرح ہے۔ یہ باغ قلب مومن کی سطح مرتفع پر واقع ہونے کی وجہ سے ہر قسم کی گندگی سے پاک ہوتا ہے۔ فیاض بھی ہے اورحصول فیض کے لیے مناسب بھی اور ذرا سی نمی سے سرسبز و شاداب ہو جاتا ہے۔

اہم نکات

۱۔ اعمال کے نتیجہ خیز ہونے کے لیے حسن فعلی کے ساتھ ساتھ حسن فاعلی بھی شرط ہے: ابۡتِغَآءَ مَرۡضَاتِ اللّٰہِ وَ تَثۡبِیۡتًا مِّنۡ اَنۡفُسِہِمۡ ۔۔۔۔

تحقیق مزید:

تفسیر العیاشی ۱ : ۱۴۸ سورہ بقرۃ۔ تفسیر الفرات ذیل الآیہ۔ تفسیر القمی قصۃ بخت نصر ص ۸۶۔ شواہد التنزیل ۱ : ۱۳۴ و سورۃ البقرۃ ص ۸۶۔


آیت 265