آیت 24
 

فَاِنۡ لَّمۡ تَفۡعَلُوۡا وَ لَنۡ تَفۡعَلُوۡا فَاتَّقُوا النَّارَ الَّتِیۡ وَقُوۡدُہَا النَّاسُ وَ الۡحِجَارَۃُ ۚۖ اُعِدَّتۡ لِلۡکٰفِرِیۡنَ﴿۲۴﴾

۲۴۔ اور اگر تم نے ایسا نہ کیا اور ہرگز تم ایسا نہ کر سکو گے تو اس آتش سے ڈرو جس کا ایندھن آدمی اور پتھر ہیں (یہ آگ) کافروں کے لیے تیار کی گئی ہے۔

تفسیر آیات

ایک اور قرآنی دعویٰ کہ تم سب مل کر اجتماعی کوشش کرو تو بھی ایک سورہ کی مثل ہرگز نہیں لا سکو گے۔ وَ لَنۡ تَفۡعَلُوۡا میں دعویٰ بھی ہے اور قاطعانہ پیشگوئی بھی کہ تم مستقبل میں بھی ہرگز یہ کام نہ کر سکو گے۔ اس پیشگوئی اور دعوے کو چودہ صدیاں گزر گئیں اور انسان علوم و فنون کے بے شمار ارتقائی مراحل طے کر چکا، لیکن قرآن کے دعوے کا مقابلہ آج تک کسی سے نہ ہو سکا اور آئندہ بھی ایک طرف انسان ترقی کی منزلیں طے کرتا رہے گا اور دوسری طرف قرآنی دعوے وَ لَنۡ تَفۡعَلُوۡا کی گونج بھی کائنات کی فضاؤں میں گونجتی رہے گی، مگر قرآن کا مقابلہ کرنے کی جرأت، استطاعت اور قوت کسی میں بھی پیدا نہیں ہو سکے گی۔

اس کے بعد ارشاد ہوتا ہے کہ چونکہ تم اس قرآن کی مثل لانے کی جرأت نہیں کر سکتے، لہٰذا اس آگ سے ڈرو جس کا ایندھن آدمی اور پتھر ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ کافر خود اپنے جسم کے ایندھن سے بھڑکی ہوئی آگ میں جلایا جائے گا۔

اہم نکات

۱۔ یہ دعویٰ صرف وہ علیم و خبیر ہستی ہی کر سکتی ہے جو جانتی ہو کہ کبھی بھی قرآن کی مثل نہیں لائی جا سکتی۔

۲۔ اتمام حجت و نعمت کے بعد ہٹ دھرمی کرنے والے جہنم کا ایندھن بنیں گے۔


آیت 24