آیت 82
 

وَ نُنَزِّلُ مِنَ الۡقُرۡاٰنِ مَا ہُوَ شِفَآءٌ وَّ رَحۡمَۃٌ لِّلۡمُؤۡمِنِیۡنَ ۙ وَ لَا یَزِیۡدُ الظّٰلِمِیۡنَ اِلَّا خَسَارًا﴿۸۲﴾

۸۲۔ اور ہم قرآن میں سے ایسی چیز نازل کرتے ہیں جو مومنین کے لیے تو شفا اور رحمت ہے لیکن ظالموں کے لیے تو صرف خسارے میں اضافہ کرتی ہے۔

تفسیر آیات

اہل ایمان اگرچہ ایمان کی منزل پر فائز ہیں تاہم بعض اخلاقی اور روحانی بیماریوں سے بھی دوچار رہتے ہیں۔ جاہ پرستی، خوش پرستی، مال دولت سے محبت، حسد اور کینہ جیسی بیماریوں میں مبتلا رہتے ہیں اور کبھی ایمان کے ساتھ شک اور ایمان میں اضطراب آ جاتا ہے۔

ایسی بیماریوں کے لیے قرآن شفا فراہم کرتا ہے۔ قرآن کی تلاوت اور براہین و دلائل کی شیرینی روحانی و اخلاقی بیماریوں کی تلخی کو دور کر دیتی ہے۔ قرآن کا صحیح مطالعہ کرنے سے انسانی نفس کو جلا ملتی ہے اور نفس انسانی میں موجود رذائل کا ملبہ ہٹا دیا جاتا ہے جسے علم اخلاق کی اصطلاح میں تخلیہ کہتے ہیں۔

ملبہ ہٹنے کے بعد زمین ایک جدید اور کامل عمارت کے لیے ہموار ہو جاتی ہے اور نفس انسانی میں رحمت الٰہی کے شامل حال ہونے کی اہلیت آ جاتی ہے۔ اسی لیے پہلے شفا اور اس کے بعد رحمت کی نوبت آ جاتی ہے اور نفس کی بیماریوں سے جو کچھ ہاتھ سے دیا تھا وہ سب رحمت کی وجہ سے واپس مل جاتا ہے اور مزید نعمتیں ملنا شروع ہو جاتی ہیں۔

وَ لَا یَزِیۡدُ الظّٰلِمِیۡنَ اِلَّا خَسَارًا: چنانچہ رذائل کا ملبہ نہ ہٹنے کی وجہ سے ظالموں میں یہ اہلیت نہیں آتی اور رحمت خدا ان کے شامل نہیں ہوتی۔ ظاہر ہے رحمت خدا سے محرومی اور نفس کی بیماریوں میں مبتلا شخص ہر لمحہ اپنی متاع زندگی میں خسارہ اٹھاتا ہے اور قرآن کی طرف سے اتمام حجت کے بعد منکرین کا خسارہ بڑھ جاتا ہے۔ اس طرح قرآن بہ یک وقت مؤمن کے لیے شفا و رحمت اور ظالموں کے لیے خسارے کا باعث ہے۔

امیر المومنین علی علیہ السلام سے روایت ہے:

وَ شِفَائُ لَا تُخْشَی اَسْقَامُہُ ۔۔۔۔ (نہج البلاغۃ۔ خطبہ ۱۹۶)

وہ (قرآن) سراسر شفا ہے جس کے ہوتے ہوئے بیماریوں کا کھٹکا نہیں۔

دوسری جگہ فرمایا:

فَاسْتَشْفُوہُ مِنْ اَدْوَائِکُمْ وَ اسْتَعِینُوا بِہِ عَلَی لْاَوَائِکُمْ فَاِنَّ فِیہِ شِفَائُ مِنْ اَکْبَرِ الدَّائِ وَ ھُوَ الْکُفْرُ وَ النِّفَاقُ وَ الْفَیُّ وَ الضَّلَالُ ۔۔۔۔ (نہج البلاغۃ خطبہ ۱۷۶)

اس سے اپنی بیماریوں کی شفا چاہو اور اپنی مصیبتوں پر اس سے مدد مانگواس میں کفر ونفاق اور ہلاکت و گمراہی جیسی بڑی بڑی مرضوں کی شفا پائی جاتی ہے۔

اہم نکات

۱۔ حجت خدا (قرآن) مومن کے لیے رحمت اور ظالم کے لیے خسارہ ہے۔

۲۔ یہ انسان کے ہاتھ میں ہے کہ قرآن سے شفا حاصل کرے یا اپنا خسارہ بڑھائے۔


آیت 82