آیات 56 - 57
 

قُلِ ادۡعُوا الَّذِیۡنَ زَعَمۡتُمۡ مِّنۡ دُوۡنِہٖ فَلَا یَمۡلِکُوۡنَ کَشۡفَ الضُّرِّ عَنۡکُمۡ وَ لَا تَحۡوِیۡلًا﴿۵۶﴾

۵۶۔کہدیجئے:جنہیں تم اللہ کے سوا (اپنا معبود) سمجھتے ہو انہیں پکارو، پس وہ تم سے نہ کسی تکلیف کو دور کر سکتے ہیں اور نہ ـ(ہی اسے) بدل سکتے ہیں۔

اُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ یَدۡعُوۡنَ یَبۡتَغُوۡنَ اِلٰی رَبِّہِمُ الۡوَسِیۡلَۃَ اَیُّہُمۡ اَقۡرَبُ وَ یَرۡجُوۡنَ رَحۡمَتَہٗ وَ یَخَافُوۡنَ عَذَابَہٗ ؕ اِنَّ عَذَابَ رَبِّکَ کَانَ مَحۡذُوۡرًا﴿۵۷﴾

۵۷۔ جن (معبودوں) کو یہ پکارتے ہیں وہ خود اپنے رب تک رسائی کے لیے وسیلہ تلاش کر رہے ہیں کہ ان میں کون زیادہ قریب ہو جائے اور وہ اس کی رحمت کی امید رکھتے ہیں اور اس کے عذاب سے خائف بھی، کیونکہ آپ کے رب کا عذاب یقینا ڈرنے کی چیز ہے۔

تفسیر آیات

۱۔ قُلِ ادۡعُوا الَّذِیۡنَ زَعَمۡتُمۡ: اے رسول! آپ ان مشرکین سے کہہ دیں کہ اپنے معبودوں کو پکار کے دیکھو، کیا وہ تمہاری پکار کو سن کر تم سے کسی تکلیف کو دور کر سکتے ہیں ؟ ظاہر ہے تم ایک واہمے کو پکارتے ہو اور تم ایسے اسم کو پکارتے ہو جس کا کوئی مسمیٰ نہیں ہے تو اس پکار کا نتیجہ کیا ہو گا؟

۲۔ جنہیں یہ مشرکین وسیلہ بنا کر پکارتے ہیں وہ خود محتاج وسیلہ ہیں کہ قرب الٰہی حاصل کرنے کے لیے وسیلہ تلاش کرتے ہیں تاکہ انہیں علم ہو جائے اَیُّہُمۡ اَقۡرَبُ ان میں سے کون زیادہ اللہ کے قریب ہے۔

۳۔ وَ یَرۡجُوۡنَ رَحۡمَتَہٗ: یہ خود اللہ کی رحمت کے امیدوار و محتاج ہیں۔ وہ تمہیں (مشرکین کو) کہاں سے رحمت فراہم کریں گے۔

۴۔ یَخَافُوۡنَ عَذَابَہٗ: یہ خود اللہ کے عذاب کا خوف دل میں رکھتے ہیں ، تم (مشرکین) کو کس طرح بچائیں گے؟ مشرکین میں سے کچھ عُزیر کو پکارتے ہیں کچھ مسیح کو پکارتے ہیں اور کچھ فرشتوں کی پرستش کرتے ہیں حالانکہ یہ خود اللہ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے وسیلے کی تلاش میں ہیں۔

واضح رہے جہاں عبادات اور انفاق فی سبیل اللّٰہ وسیلہ ہیں ، وہاں وہ ذوات مقدسہ بھی وسیلہ ہیں جنہوں نے عبادت کی رہنمائی فرمائی ہے۔

عالم اہل سنت حسکانی اپنی تفسیر شواہد التنزیل ذیل آیت میں عکرمہ سے روایت کرتے ہیں :

۔۔۔ اُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ یَدۡعُوۡنَ یَبۡتَغُوۡنَ اِلٰی رَبِّہِمُ الۡوَسِیۡلَۃَ کہا۔ وہ وسیلہ نبی، علی، فاطمہ، حسن اور حسین ہیں۔

اہم نکات

۱۔ قرب الٰہی کے لیے وسیلہ تلاش کرنا درست ہے۔

۲۔ اقرب وہ ہے جس کی نشاندہی خود اللہ نے کی ہو۔


آیات 56 - 57