آیت 109
 

فَلَا تَکُ فِیۡ مِرۡیَۃٍ مِّمَّا یَعۡبُدُ ہٰۤؤُلَآءِ ؕ مَا یَعۡبُدُوۡنَ اِلَّا کَمَا یَعۡبُدُ اٰبَآؤُہُمۡ مِّنۡ قَبۡلُ ؕ وَ اِنَّا لَمُوَفُّوۡہُمۡ نَصِیۡبَہُمۡ غَیۡرَ مَنۡقُوۡصٍ﴿۱۰۹﴾٪

۱۰۹۔ (اے نبی) جس کی یہ لوگ پوجا کر رہے ہیں اس سے آپ کو شبہ نہ ہو، یہ لوگ اسی طرح پوجا کر رہے ہیں جس طرح پہلے ان کے باپ دادا پوجا کرتے تھے اور ہم انہیں ان کا حصہ (عذاب) بغیر کسی نقص و کسر کے پورا کرنے والے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ فَلَا تَکُ فِیۡ مِرۡیَۃٍ: تاریخ اقوام و ملل اور ان کے انحطاط و ہلاکت کی عبرت انگیز داستانیں بیان فرمانے کے بعد فرمایا: اے رسول ؐیہ لوگ بھی انہی خطوط پر چل رہے ہیں۔ انحطاط و ہلاکت کے عوامل ان میں بھی موجود ہیں۔ لہٰذا یہ لوگ بھی ہماری سنت جاریہ کے مطابق مکافات عمل کی گرفت میں پوری طرح آ جائیں گے۔

۲۔ مَا یَعۡبُدُوۡنَ: بت پرستوں کا انجام بھی وہی ہو گا اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تسلی خاطر بھی مراد ہے۔ ساتھ یہ بات بھی بیان کرنا مقصود ہے کہ جن بتوں کی یہ لوگ پوجا کر رہے ہیں وہ اس قابل ہی نہیں ہیں کہ ان کے بارے میں شک کیا جائے بلکہ ہر صاحب عقل انسان کو پہلی نظر میں ہی انہیں مسترد کر دینا چاہیے۔

۳۔ وَ اِنَّا لَمُوَفُّوۡہُمۡ نَصِیۡبَہُمۡ: ان بت پرستوں کے لیے جس عذاب کا فیصلہ ہو چکا ہے اس میں کسی قسم کی تخفیف نہ ہو گی: خٰلِدِیۡنَ فِیۡہَا ۚ لَا یُخَفَّفُ عَنۡہُمُ الۡعَذَابُ ۔۔۔۔ (۲ بقرۃ: ۱۶۲) وہ جہنم میں ہمیشہ رہیں گے ان کے عذاب میں تخفیف نہ ہوگی۔

اہم نکات

۱۔ اور غیر اللہ سے لو لگانا سقوط و انحطاط کے عوامل میں سے ہے۔

۲۔ بت پرستی قابل ذکر مذہب نہیں ہے: فَلَا تَکُ فِیۡ مِرۡیَۃٍ ۔۔۔۔


آیت 109