آیت 38
 

قَالَ ادۡخُلُوۡا فِیۡۤ اُمَمٍ قَدۡ خَلَتۡ مِنۡ قَبۡلِکُمۡ مِّنَ الۡجِنِّ وَ الۡاِنۡسِ فِی النَّارِ ؕ کُلَّمَا دَخَلَتۡ اُمَّۃٌ لَّعَنَتۡ اُخۡتَہَا ؕ حَتّٰۤی اِذَا ادَّارَکُوۡا فِیۡہَا جَمِیۡعًا ۙ قَالَتۡ اُخۡرٰىہُمۡ لِاُوۡلٰىہُمۡ رَبَّنَا ہٰۤؤُلَآءِ اَضَلُّوۡنَا فَاٰتِہِمۡ عَذَابًا ضِعۡفًا مِّنَ النَّارِ ۬ؕ قَالَ لِکُلٍّ ضِعۡفٌ وَّ لٰکِنۡ لَّا تَعۡلَمُوۡنَ﴿۳۸﴾

۳۸۔اللہ فرمائے گا: تم لوگ جن و انس کی ان قوموں کے ہمراہ داخل ہو جاؤ جو تم سے پہلے جہنم میں جا چکی ہیں، جب بھی۔کوئی جماعت جہنم میں داخل ہو گی اپنی ہم خیال جماعت پر لعنت بھیجے گی، یہاں تک کہ جب وہاں سب جمع ہو جائیں گے تو بعد والی جماعت پہلی کے بارے میں کہے گی: ہمارے رب! انہوں نے ہمیں گمراہ کیا تھا لہٰذا انہیں آتش جہنم کا دوگنا عذاب دے، اللہ فرمائے گا: سب کو دوگنا (عذاب) ملے گا لیکن تم نہیں جانتے۔

تشریح کلمات

اُخۡتَہَا:

( ا خ ت ) الاخت: مثل ۔ ہم مسلک۔

ادَّارَکُوۡا:

( د ر ک ) اصل میں تدرارکوا ہے تاء دال میں ادغام ہو گیا ہے۔ یعنی ایک دوسرے کو پا لینا۔ ایک دوسرے سے ملحق ہونا۔

تفسیر آیات

۱۔ لَّعَنَتۡ اُخۡتَہَا: کافر لوگ جب اخروی زندگی میں داخل ہوں گے تو ان کی آپس کی مخاصمت، ایک دوسرے سے برائت اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کا ذکر ہے۔ یہ ایک کلیہ ہے کہ کسی جماعت کو شکست اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو وہ اس شکست و فضیحت کی ذمہ داری آپس میں ایک دوسرے پر ڈالتے ہیں۔

۲۔ قَالَتۡ اُخۡرٰىہُمۡ: اہل جہنم کی مخاصمت تو اس قدر شرمناک ہو گی کہ اپنے ہم مذہب اور ہم مشرب لوگوں پر نفرین کریں گے۔ ان پر دگنے عذاب کی خواہش کریں گے کیونکہ یہ لوگ خود گمراہ تھے اور دوسروں کو بھی گمراہ کیا ہے۔ جواب ملے گا:

لِکُلٍّ ضِعۡفٌ ۔ سب کو دگنا عذاب ملے گا۔ گمراہ کرنے والوں کے اپنے گناہ اور جن کو گمراہ کیا، ان کے گناہ بھی ان کی گردن پر ہوں گے۔ گمراہ ہونے والوں پر ایک اپنا گناہ اور دوسرا، گمراہ کرنے والوں کے حمایتی بننے کا گناہ ہو گا:

مَنۡ یَّشۡفَعۡ شَفَاعَۃً حَسَنَۃً یَّکُنۡ لَّہٗ نَصِیۡبٌ مِّنۡہَا ۚ وَ مَنۡ یَّشۡفَعۡ شَفَاعَۃً سَیِّئَۃً یَّکُنۡ لَّہٗ کِفۡلٌ مِّنۡہَا ؕ وَ کَانَ اللّٰہُ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ مُّقِیۡتًا ۔ (۴ نساء:۸۵)

جو شخص اچھی بات کی حمایت و سفارش کرتا ہے وہ اس میں سے حصہ پائے گا اور جو بری بات کی حمایت و سفارش کرتا ہے وہ بھی اس میں کچھ حصہ پائے گا اور اللہ ہر چیز پر قدرت رکھنے والا ہے۔

اہم نکات

۱۔ آخرت کے انواع عذاب میں سے ایک عذاب ایک دوسرے سے نفرت اور عداوت ہے۔


آیت 38