آیات 4 - 7
 

فَوَیۡلٌ لِّلۡمُصَلِّیۡنَ ۙ﴿۴﴾

۴۔ پس ایسے نمازیوں کے لیے ہلاکت ہے

الَّذِیۡنَ ہُمۡ عَنۡ صَلَاتِہِمۡ سَاہُوۡنَ ۙ﴿۵﴾

۵۔ جو اپنی نماز سے غافل رہتے ہیں۔

الَّذِیۡنَ ہُمۡ یُرَآءُوۡنَ ۙ﴿۶﴾

۶۔ جو ریاکاری کرتے ہیں۔

وَ یَمۡنَعُوۡنَ الۡمَاعُوۡنَ ٪﴿۷﴾

۷۔ اور (ضرورت مندوں کو) معمولی چیزیں بھی دینے سے گریز کرتے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ فَوَیۡلٌ: نہایت قابل توجہ ہے یہ بات کہ اس آیت میں کچھ نمازیوں کو بھی منکرین معاد کی صف میں رکھا ہے۔

۲۔ یہ وہ نمازی ہیں جو اپنی نماز سے غافل رہتے ہیں۔ یعنی نماز کو اہمیت نہیں دیتے۔ نماز سے غافل ہونے کا مطلب کبھی یہ ہوتا ہے کہ کچھ نمازیں رہ جائیں تو پرواہ نہیں کرتے یا نماز بلاعذر اول وقت میں نہیں پڑھتے، تاخیر سے پڑھتے ہیں یا نماز کے اجزاء و شرائط پوری نہیں کرتے۔ مثلاً رکوع اور سجود میں اذکار مکمل کیے بغیر سر اٹھاتے ہیں۔

ان لوگوں کو منکرین معاد میں اس لیے شامل کیا گیا ہے کہ یہ لوگ بھی عملاً معاد پر ایمان نہیں رکھتے اگرچہ زبان سے ایمان کا اظہار کرتے ہیں۔

۳۔ الَّذِیۡنَ ہُمۡ یُرَآءُوۡنَ: جو لوگ نماز میں ریاکاری کرتے ہیں، لوگوں کو دکھانے کے لیے نماز پڑھتے ہیں۔ یہ نماز اللہ کے لیے نہیں ہے۔ اگر معاد اور روز جزا پر ایمان ہوتا تو یہ اللہ کے لیے نماز پڑھتے۔

۴۔ وَ یَمۡنَعُوۡنَ الۡمَاعُوۡنَ: ماعون کی تفسیر میں گھر میں استعمال ہونے والے برتنوں کا ذکر آتا ہے جو دوسروں کو مثلاً ہمسایوں کو ضرورت کے وقت، کچھ وقت کے لیے برتن نہیں دیتے۔ روایات میں برتنوں کے علاوہ ہر ضرورت کی چیز کا ذکر ہے۔ جیسے قرض ہے۔ ضرورت کے موقع پر مدد کرنا وغیرہ۔ بعض روایات میں اس سے زکوۃ اور صدقہ مراد لیا گیا ہے۔

حضرت علی - سے روایت ہے کہ آپؑ نے فرمایا:

لَیْسَ عَمَلٌ اَحَبَّ اِلَی اللہِ عَزَّ وَ جَلَّ مِنَ الصَّلَاۃِ فَلَا یَشْغَلَنَّکُمْ عَنْ اَوْقَاتِہَا شَیْئٌ مِنْ اُمُورِ الدُّنْیَا فَاِنَّ اللہَ عَزَّ وَ جَلَّ ذَمَّ اَقْوَاماً فقال: الَّذِيْنَ ہُمْ عَنْ صَلَاتِہِمْ سَاہُوْنَ یَعْنِی اَنَّہُمْ غَافِلُونَ اسْتَھَانُوا بِاَوْقَاتِہَا۔۔۔۔ (الخصال۲: ۶۲۰، الوسائل۴: ۱۱۳)

اللّٰہ عز و جل کے نزدیک نماز سے زیادہ پسندیدہ کوئی عمل نہیں ہے۔ لہٰذا نماز اپنے اوقات میں پڑھنے میں دنیا کا کوئی کام تمہارے لیے رکاوٹ نہ بنے۔ چونکہ اللہ عز و جل نے کچھ لوگوں کی مذمت کی ہے اور فرمایا ہے: وہ لوگ ہلاکت میں ہیں جو نماز سے غافل رہتے ہیں۔ یعنی وہ غافل رہتے ہیں، نماز وقت پر پڑھنے کو اہمیت نہیں دیتے۔


آیات 4 - 7