آیت 14
 

اِنَّ رَبَّکَ لَبِالۡمِرۡصَادِ ﴿ؕ۱۴﴾

۱۴۔ یقینا آپ کا رب تاک میں ہے۔

تشریح کلمات

المرصاد:

( ر ص د ) الرصد گھات لگا کر بیٹھنا۔ المرصاد گھات لگانے کی جگہ۔

تفسیر آیات

آپ کا رب ہر مجرم، ہر ظالم، ہر سرکش اور فسادی کی تاک میں ہے۔ اس کی ہر حرکت اور ہر قول و فعل شش جہت سے نگرانی میں لیے ہوئے ہے۔ اللہ تعالیٰ ہر عمل کو دیکھ رہا ہے۔ مجرم اپنے جرم کا ارتکاب اس ذات کے سامنے کر رہا ہے جس سے کوئی شے پوشیدہ نہیں ہے، نہ کوئی مجرم اس کی گرفت سے بچ سکتا ہے۔

اوائل وحی میں یہ آیت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے نوید فتح ہے اور ظالموں کے لیے دنیا میں شکست و خواری اور آخرت میں عذاب ابدی کی خبر ہے۔

حضرت علی علیہ السلام سے روایت ہے:

وَ لَئِنْ اَمْھَلَ الظَّالِمَ فَلنْ یَفُوتَ اَخْذُہُ وَ ھُوَ لَہُ بِالمِرْصَادِ عَلَی مَجَازِ طَرِیقِہِ وَ بِمَوْضِعِ الشَّجَا مِنْ مَسَاغِ رِیقِہِ۔۔ (نہج البلاغۃ خ ۹۷)

اگر اللہ نے ظالم کو مہلت دے رکھی ہے تو وہ اس کی گرفت سے ہرگز نہیں نکل سکتا۔ اللہ اس کی گزرگاہ اور گلے میں ہڈی پھنسنے کی جگہ پر موقع کا منتظر ہے۔


آیت 14