رسول کی زندگی کیسی ہو؟


اَوۡ یُلۡقٰۤی اِلَیۡہِ کَنۡزٌ اَوۡ تَکُوۡنُ لَہٗ جَنَّۃٌ یَّاۡکُلُ مِنۡہَا ؕ وَ قَالَ الظّٰلِمُوۡنَ اِنۡ تَتَّبِعُوۡنَ اِلَّا رَجُلًا مَّسۡحُوۡرًا﴿۸﴾

۸۔ یا اس کے لیے کوئی خزانہ نازل کر دیا جاتا یا اس کا کوئی باغ ہوتا جس سے وہ کھا لیا کرتا اور ظالم لوگ (اہل ایمان سے) کہتے ہیں: تم تو ایک سحرزدہ شخص کی پیروی کرتے ہو۔

7۔8 ان کا یہ کہنا تھا کہ اللہ کی طرف سے جو رسول آئے وہ بشر نہیں ہو سکتا۔ ان کے خیال میں مادی وجود اللہ کی نمائندگی نہیں کر سکتا۔ اسی لیے وہ فرشتوں کو اللہ تک پہنچنے کا وسیلہ قرار دیتے تھے اور ان کی پرستش کرتے تھے۔ اسی لیے ان کے نزدیک کھانا اور لوگوں کے درمیان چلنا پھرنا رسالت کے منافی ہے۔ ان کا یہ کہنا تھا کہ اگر کوئی بشر رسول ہوتا ہے تو اس صورت میں ممکن ہے کہ ایک فرشتہ اس رسول کے ساتھ ہونا چاہیے تاکہ اس فرشتے کے ذریعے غیب کے ساتھ اتصال ممکن ہو یا اگر کسی بشر کو رسول بنانا ہی تھا تو خزانوں اور جاگیروں کا مالک ہوتا۔ یہ کیسا رسول ہے جو عام لوگوں کی طرح زندگی گزارتا ہے۔ اسے چاہیے زمین پر بسنے والوں سے الگ پر تعیش زندگی گزارنے والا ہو، جبکہ رسول، اللہ کی طرف سے ہدایت دینے کے لیے آتے ہیں۔ وہ زندگی بھی ایسی گزارتے ہیں جو دوسروں کے لیے مثال ہو، تاکہ ان کی زندگی و سیرت بھی باعث ہدایت ہو۔