آیت 51
 

یٰۤاَیُّہَا الرُّسُلُ کُلُوۡا مِنَ الطَّیِّبٰتِ وَ اعۡمَلُوۡا صَالِحًا ؕ اِنِّیۡ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ عَلِیۡمٌ ﴿ؕ۵۱﴾

۵۱۔ اے پیغمبرو! پاکیزہ چیزیں کھاؤ اور عمل صالح بجا لاؤ، جو عمل تم کرتے ہو میں اسے خوب جاننے والا ہوں۔

تفسیر آیات

۱۔ کُلُوۡا: خطاب تمام رسولوں سے ہے کہ وہ اپنے طبیعاتی تقاضوں پر عمل کرتے ہوئے مادی ضروریات سے استفادہ کریں اور جاہلوں کے اعتراضات کی پرواہ نہ کریں جو کہتے ہیں یہ کیسے رسول ہیں جو ہماری طرح کھاتے پیتے ہیں۔

۲۔ مِنَ الطَّیِّبٰتِ: پاکیزہ چیزیں کھائیں۔ نوعیت اور کسب دونوں اعتبار سے پاکیزہ ہوں۔ پاک اور حلال چیزیں کھائیں۔ ناپاک چیزیں جیسے مردار، خنزیر وغیرہ اور حرام طریقے سے کمائی ہوئی چیزیں نہ ہوں۔

۳۔ وَ اعۡمَلُوۡا صَالِحًا: نیک اعمال بجا لانا اور اللہ کی بندگی کرنا، بدن کی توانائی پر موقوف ہے لہٰذا پہلے اپنی جسمانی طاقت کو بحال رکھو پھر نیک اعمال کے لیے قدم اٹھاؤ۔

اہم نکات

۱۔ پاکیزہ چیزوں کے کھانے اور پاکیزہ عمل میں ربط ہے۔

۲۔ مادی و روحانی دونوں پہلوؤں میں توازن ہونا چاہیے۔ یعنی کُلُوۡا اور وَ اعۡمَلُوۡا میں۔


آیت 51