بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ

بنام خدائے رحمن رحیم

وَیۡلٌ لِّلۡمُطَفِّفِیۡنَ ۙ﴿۱﴾

۱۔ ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے لیے ہلاکت ہے۔

طَفِّفِ ، ہلکی چیز کو کہتے ہیں۔ طَفِّفِ سے مراد ہے کسی چیز کو ہلکا یا کم کر دینا۔

الَّذِیۡنَ اِذَا اکۡتَالُوۡا عَلَی النَّاسِ یَسۡتَوۡفُوۡنَ ۫﴿ۖ۲﴾

۲۔ جب لوگوں سے لیتے ہیں تو پورا تولتے ہیں،

وَ اِذَا کَالُوۡہُمۡ اَوۡ وَّزَنُوۡہُمۡ یُخۡسِرُوۡنَ ﴿ؕ۳﴾

۳۔ اور جب انہیں ناپ کر یا تول کر دیتے ہیں تو کم کر دیتے ہیں۔

اَلَا یَظُنُّ اُولٰٓئِکَ اَنَّہُمۡ مَّبۡعُوۡثُوۡنَ ۙ﴿۴﴾

۴۔ کیا یہ لوگ نہیں سوچتے کہ وہ اٹھائے جائیں گے،

4۔ حقوق الناس میں عموماً اور ناپ تول میں خصوصاً اللہ تعالیٰ بڑے اہتمام سے امانتداری کی خلاف ورزی کرنے والوں کی مذمت کرتا ہے اور انہیں دردناک عذاب کی خبر دیتا ہے۔ قوم شعیب پر اسی گناہ میں ملوث ہونے کی وجہ سے عذاب نازل کیا گیا، کیونکہ اس خیانت سے اقتصادی توازن میں خلل آتا ہے جس سے پورا معاشرہ متاثر ہوتا ہے۔

مدینے کے تاجر ناپ تول میں خیانت کرتے تھے جس پر یہ آیت نازل ہوئی۔ رسول اللہ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم نے فرمایا: خَمْسٌ بخَمسٍ ۔ پانچ کے بدلے پانچ۔ لوگوں نے عرض کیا : وہ کیا ہے؟ فرمایا: عہد شکنی کی صورت میں دشمن مسلط ہو گا۔ اللہ کا حکم نافذ نہ کرنے کی صورت میں تنگدستی آئے گی۔ زکوٰۃ نہ دینے کی صورت میں بارش کم ہو گی۔ (بحار الانوار 70: 370۔ الکشاف 4: 718)

لِیَوۡمٍ عَظِیۡمٍ ۙ﴿۵﴾

۵۔ ایک بڑے دن کے لیے؟

یَّوۡمَ یَقُوۡمُ النَّاسُ لِرَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ ؕ﴿۶﴾

۶۔ اس دن تمام انسان رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے۔

6۔ اگر ان کو یہ خیال ہوتا کہ کل رب العالمین کے سامنے حساب کے لیے کھڑے ہونا ہے تو اللہ سے شرم کرتے اور کسی پر ظلم نہ کرتے۔

کَلَّاۤ اِنَّ کِتٰبَ الۡفُجَّارِ لَفِیۡ سِجِّیۡنٍ ؕ﴿۷﴾

۷۔ ہرگز نہیں! بدکاروں کا نامہ اعمال سجین میں ہے۔

7۔ بدکاروں کا نامۂ اعمال سجین نامی کتاب میں موجود ہے۔ اسے کس وجہ سے سجین کہا گیا ہے؟ سجین کو سجن (قید خانہ) کے معنوں میں لیا جائے تو ممکن ہے کہ اس نامۂ اعمال میں تمام برائیاں ضبط تحریر میں آنے کی وجہ سے اسے سجین کہا گیا ہو۔

وَ مَاۤ اَدۡرٰىکَ مَا سِجِّیۡنٌ ؕ﴿۸﴾

۸۔ اور آپ کو کس چیز نے بتایا سجین کیا ہے ؟

کِتٰبٌ مَّرۡقُوۡمٌ ؕ﴿۹﴾

۹۔ یہ ایک لکھی ہوئی کتاب ہے۔

وَیۡلٌ یَّوۡمَئِذٍ لِّلۡمُکَذِّبِیۡنَ ﴿ۙ۱۰﴾

۱۰۔ اس روز تکذیب کرنے والوں کے لیے ہلاکت ہے