بِسۡمِ اللّٰہِ الرَّحۡمٰنِ الرَّحِیۡمِ

بنام خدائے رحمن رحیم

سورﮤ اعراف

اس سورہ کا نام الاعراف اس لیے ہے کہ آیت 46 ۔ 47 میں اعراف کا ذکر آیا ہے۔ اعراف جنت اور جہنم کے درمیان ایک اونچی جگہ کا نام ہے جہاں کچھ ہستیاں اہل جنت اور اہل جہنم دونوں کا مشاہدہ کریں گی۔

قرآنی سورتوں میں سے ہر سورہ اپنی جگہ جدا تشخص رکھتا ہے اور ہر سورہ ایک اہم خصوصیت کا حامل ہوتا ہے، جب کہ مقصد و منزل ایک ہی ہوتی ہے۔ چنانچہ سورہ انعام اور اعراف دونوں مکی ہیں دونوں ایک جیسے ماحول اور حالت میں نازل ہوئے اور دونوں سورتوں کا موضوع اور رخِ سخن بھی ایک ہے، یعنی توحید۔ اس کے باوجود سورﮤ انعام توحید پر منطقی دلائل پیش کرتا ہے جب کہ سورﮤ اعراف دعوت توحید کے تاریخی حقائق بیان کرتا ہے۔ شاید طبیعی ترتیب بھی یہی ہے کہ پہلے دعوت کی تاریخی شہادتیں پیش ہوں بعد میں اس کی معقولیت اور حقانیت پر دلیل پیش کی جائے۔ چنانچہ یہ سورہ توحید کی تاریخ کا بیان، تخلیق آدم علیہ السلام کے وقت سے شروع کرتا ہے۔ پھر آدم علیہ السلام و ابلیس کا واقعہ بیان ہوتا ہے جو اس توحیدی تاریخ کا اہم ترین واقعہ ہے۔ حضرت آدم علیہ السلام کے بعد اس کاروان کے دیگر اہم ارکان نوح، ہود، صالح، لوط، شعیب، موسیٰ اور ہارون علیہم السلام کا بھی ذکر ہے کہ جنہوں نے اپنے اپنے زمانے کے استعمار کو للکارتے ہوئے بے سرو سامانی کے باوجود ان شیطانی قوتوں کا اس طریقے سے ڈٹ کر مقابلہ کیا کہ آج بھی اگر کوئی ان کی سیرت پر عمل پیرا ہو تو اس زمانے کے استعمار کی ذلت و نابودی کا سبب بن سکتا ہے۔

تاریخ توحید کے بیان کے ساتھ اس کے میر کاروان حضرت محمد صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم کو بھی یہ بتایا جا رہا ہے کہ جو سلوک یہ مشرک قوم آپ کے ساتھ کر رہی ہے ایسا ہی سلوک آپ صلى‌الله‌عليه‌وآله‌وسلم سے پہلے کی قومیں اپنے رسولوں کے ساتھ کرتی رہی ہیں اور اپنے برے انجام کو پہنچ چکی ہیں۔

الٓـمّٓصٓ ۚ﴿۱﴾

۱۔ الف لام میم صاد۔

کِتٰبٌ اُنۡزِلَ اِلَیۡکَ فَلَا یَکُنۡ فِیۡ صَدۡرِکَ حَرَجٌ مِّنۡہُ لِتُنۡذِرَ بِہٖ وَ ذِکۡرٰی لِلۡمُؤۡمِنِیۡنَ﴿۲﴾

۲۔ یہ کتاب آپ پر (اس لیے ) نازل کی گئی ہے کہ آپ اس سے لوگوں کو تنبیہ کریں اور اہل ایمان کے لیے نصیحت ہو پس آپ کو اس سے کسی قسم کی دل تنگی محسوس نہیں ہونی چاہیے۔

اِتَّبِعُوۡا مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡکُمۡ مِّنۡ رَّبِّکُمۡ وَ لَا تَتَّبِعُوۡا مِنۡ دُوۡنِہٖۤ اَوۡلِیَآءَ ؕ قَلِیۡلًا مَّا تَذَکَّرُوۡنَ﴿۳﴾

۳۔اس (کتاب) کی پیروی کرو جو تمہاری طرف تمہارے رب کی طرف سے نازل کی گئی ہے اور اس کے سوا دوسرے آقاؤں کی اتباع نہ کرو، مگر تم نصیحت کم ہی قبول کرتے ہو۔

وَ کَمۡ مِّنۡ قَرۡیَۃٍ اَہۡلَکۡنٰہَا فَجَآءَہَا بَاۡسُنَا بَیَاتًا اَوۡ ہُمۡ قَآئِلُوۡنَ﴿۴﴾

۴۔ اور کتنی ایسی بستیاں ہیں جنہیں ہم نے تباہ کیا پس ان پر ہمارا عذاب رات کے وقت آیا یا ایسے وقت جب وہ دوپہر کو سو رہے تھے۔

فَمَا کَانَ دَعۡوٰىہُمۡ اِذۡ جَآءَہُمۡ بَاۡسُنَاۤ اِلَّاۤ اَنۡ قَالُوۡۤا اِنَّا کُنَّا ظٰلِمِیۡنَ﴿۵﴾

۵۔پس جب ہمارا عذاب ان پر آیا تو وہ صرف یہی کہ سکے: واقعی ہم ظالم تھے۔

فَلَنَسۡـَٔلَنَّ الَّذِیۡنَ اُرۡسِلَ اِلَیۡہِمۡ وَ لَنَسۡـَٔلَنَّ الۡمُرۡسَلِیۡنَ ۙ﴿۶﴾

۶۔ پس جن کی طرف پیغمبر بھیجے گئے ہم ہر صورت میں ان سے سوال کریں گے اور خود پیغمبروں سے بھی ہم ضرور پوچھیں گے۔

فَلَنَقُصَّنَّ عَلَیۡہِمۡ بِعِلۡمٍ وَّ مَا کُنَّا غَآئِبِیۡنَ﴿۷﴾

۷۔ پھر ہم پورے علم و آگہی سے ان سے سرگزشت بیان کریں گے اور ہم غائب تو نہیں تھے۔

وَ الۡوَزۡنُ یَوۡمَئِذِ ۣالۡحَقُّ ۚ فَمَنۡ ثَقُلَتۡ مَوَازِیۡنُہٗ فَاُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡمُفۡلِحُوۡنَ﴿۸﴾

۸۔اور اس دن (اعمال کا) تولنا برحق ہے، پھر جن (کے اعمال) کا پلڑا بھاری ہو گا پس وہی فلاح پائیں گے ۔

8 ۔ 9 آیت سے یہ بات تو ثابت ہو جاتی ہے کہ نیکیوں کا وزن ہوتا ہے اور اس کے مقابلے میں گناہوں کا وزن نہیں ہوتا۔ لہٰذا اعمال کے وزن کے بارے میں کسی تاویل و توجیہ کی طرف جانے کی بجائے خود قرآن کی تعبیر کے مطابق یہ مؤقف اختیار کرنا درست ہو گا۔ انسان کے اعمال اللہ کے معیار کے مطابق یا مثبت ہوں گے یا منفی۔ مثبت اعمال کا قیامت کے دن وزن اور قیمت ہو گی اور منفی اعمال بے وزن اور بے قدر ہوں گے۔ چنانچہ زیر بحث آیت اور دیگر متعدد آیات میں نیکیوں کے لیے وزن ثابت کیا ہے اور گناہوں کو بے وزن کہا ہے۔ قرآنی تعبیر ثَقُلَتۡ اور خَفَّتۡ میں وہی موازنہ ہے جو مثبت اور منفی میں، قیمتی اور بے قدری میں ہے۔ لہٰذا ثقل سے وزن، قدر اور قیمت کی طرف اشارہ ہے اور خفت سے بے قیمت اور بے قدری کی طرف اشارہ ہے۔ اس طرح اعمال کے وزن کا مطلب یہ نکلتا ہے کہ جس کی نیکیاں زیادہ ہوں اس کا مثبت پہلو غالب رہے گا اور وہ فلاح پائیں گے اور جس کا منفی پہلو غالب آیا ہو ہلاکت میں ہو گا۔

وَ مَنۡ خَفَّتۡ مَوَازِیۡنُہٗ فَاُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ خَسِرُوۡۤا اَنۡفُسَہُمۡ بِمَا کَانُوۡا بِاٰیٰتِنَا یَظۡلِمُوۡنَ﴿۹﴾

۹۔ اور جن کا پلڑا ہلکا ہو گا وہ لوگ ہماری آیات سے زیادتی کے سبب خود گھاٹے میں رہے۔

وَ لَقَدۡ مَکَّنّٰکُمۡ فِی الۡاَرۡضِ وَ جَعَلۡنَا لَکُمۡ فِیۡہَا مَعَایِشَ ؕ قَلِیۡلًا مَّا تَشۡکُرُوۡنَ﴿٪۱۰﴾

۱۰۔اور ہم ہی نے تمہیں زمین میں بسایا اور اس میں تمہارے لیے سامان زیست فراہم کیا (مگر) تم کم ہی شکر کرتے ہو۔

10۔ کائنات کی فضا، حیات اور زندگی کے لیے سازگار نہیں ہے۔ کائناتی رکاوٹوں سے کہیں زیادہ طاقتور کوئی شعور و ارادہ اگر موجود نہ ہو تو یہاں زندگی کی نشو و نما ممکن نہیں ہے۔ ہمارے نظام شمسی کو لیجیے کہ اس میں صرف ایک ہی کرہ (زمین) اس وقت حیات کے لیے سازگار ہے اور یہ کرہ بھی ایک زمانے میں آگ کے شعلوں سے عبارت تھا۔ زمین نہ اتنی سخت بنائی کہ دانہ نہ نکل سکے اور نہ اتنی نرم بنائی کہ کوئی چیز اس پر ٹھہر نہ سکے، نہ اتنی بڑی کہ فضا سے آکسیجن زمین میں دھنس جائے نہ اتنی چھوٹی کہ فضا سے ہوا منتشر ہو جائے۔ سورج نہ چنداں دور ہے کہ سردی سے زندگی ممکن نہ ہو اور نہ چنداں نزدیک کہ گرمی سے حیات ممکن نہ ہو۔ علاوہ ازیں دیگر ہزاروں خصوصیات ہیں جن کی وجہ سے زمین حیات کے لیے سازگار بن گئی۔