آیات 7 - 8
 

فَمَا یُکَذِّبُکَ بَعۡدُ بِالدِّیۡنِ ؕ﴿۷﴾

۷۔ پس اس کے بعد روز جزا کے بارے میں کون سی چیز تجھے جھٹلانے پر آمادہ کرتی ہے ۔

اَلَیۡسَ اللّٰہُ بِاَحۡکَمِ الۡحٰکِمِیۡنَ ٪﴿۸﴾

۸۔ کیا اللہ حاکموں میں سب سے بڑا حاکم نہیں ہے؟

تفسیر آیات

نتیجہ کلام ہے: جب کچھ لوگ اَسۡفَلَ سٰفِلِیۡنَ کے اور کچھ بے انتہا اجر کے مستحق ہیں تو یہ کیسے ممکن ہے کوئی روز جزا نہ ہو اور یہ دونوں گروہ یکساں ہوں:

اَمۡ نَجۡعَلُ الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ کَالۡمُفۡسِدِیۡنَ فِی الۡاَرۡضِ ۫ اَمۡ نَجۡعَلُ الۡمُتَّقِیۡنَ کَالۡفُجَّارِ﴿﴾ (۳۸ ص:۲۸)

کیا ہم ایمان لانے اور اعمال صالح بجا لانے والوں کو زمین میں فساد پھیلانے والوں کی طرح قرار دیں یا اہل تقویٰ کو بدکاروں کی طرح قرار دیں؟

نیز فرمایا:

اَفَمَنۡ کَانَ مُؤۡمِنًا کَمَنۡ کَانَ فَاسِقًا ؕؔ لَا یَسۡتَوٗنَ﴿﴾ (۳۲ سجدہ:۱۸)

بھلا جو مومن ہو وہ فاسق کی طرح ہو سکتا ہے؟ یہ دونوں برابر نہیں ہو سکتے۔

یُکَذِّبُکَ: میں خطاب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہے کہ اے رسول کون سی بات ایسی ہے جو روز جزا کے بارے میں آپ کی تکذیب کرے۔ یعنی آپ کی تکذیب کرنے پر ان کے پاس کون سی دلیل ہے؟

اَلَیۡسَ اللّٰہُ بِاَحۡکَمِ الۡحٰکِمِیۡنَ: کیا اللہ تعالیٰ فیصلہ کرنے والوں میں سب سے مضبوط فیصلہ کرنے والا نہیں ہے؟ اگر فاسق اور مومن برابر ہو جائیں اور کوئی جزا و سزا نہ ہو تو اس سے لازم آتا ہے اللہ بہتر فیصلہ کرنے والا نہیں ہے، اللہ کے ہاں سب یکساں ہیں۔ دنیا میں تو فاجر و ظالم کا فیصلہ نہیں ہوتا، اگر آخرت بھی نہیں ہے تو یہ نظام عبث ہو کر رہ جائے گا۔


آیات 7 - 8