آیت 6
 

یٰۤاَیُّہَا الۡاِنۡسَانُ اِنَّکَ کَادِحٌ اِلٰی رَبِّکَ کَدۡحًا فَمُلٰقِیۡہِ ۚ﴿۶﴾

۶۔ اے انسان! تو مشقت اٹھا کر اپنے رب کی طرف جانے والا ہے، پھر اس سے ملنے والا ہے۔

تشریح کلمات

کَادِحٌ:

( ک د ح ) کے معنی کوشش کرنے اور مشقت اٹھانے کے ہیں۔

تفسیر آیات

انسان اپنی زندگی گزارنے کے لیے جو مشقت اٹھاتا، مشکلات کا مقابلہ کرتا اور لوازم حیات کے حصول میں دن رات ایک کرتا ہے، یہ سب کچھ انسان اپنے خیال میں آسودہ زندگی اور عیش و آرام کے لیے کرتا ہے لیکن فی الواقع وہ زندگی کے اس سفر کو جاری رکھنے اور اس عمر کو گزارنے کے لیے کرتا ہے جس نے بالآخر اس انسان کو اپنے رب کی بارگاہ تک لے جانا ہے۔

انسان یہ خیال کرتا ہے کہ وہ زندگی گزار رہا ہے لیکن وہ فی الواقع ایک پرمشقت سفر طے کر رہا ہے جو اسے اللہ کی بارگاہ میں پیش دے گا۔ وہ چاہے یا نہ چاہے اس نے یہ سفر طے کرنا ہے اور اپنے رب کو حساب دینا ہے۔


آیت 6