آیت 57
 

فَاِمَّا تَثۡقَفَنَّہُمۡ فِی الۡحَرۡبِ فَشَرِّدۡ بِہِمۡ مَّنۡ خَلۡفَہُمۡ لَعَلَّہُمۡ یَذَّکَّرُوۡنَ﴿۵۷﴾

۵۷۔اگر آپ لڑائی میں ان پر غالب آ جائیں تو (انہیں کڑی سزا دے کر) ان کے ذریعے بعد میں آنے والوں کو بھگا دیں اس طرح شاید یہ عبرت حاصل کریں۔

تشریح کلمات

تَثۡقَفَنَّہُمۡ:

الثقف ( ث ق ف ) تیزی کے ساتھ ہاتھ میں آنا اور درک کرنا۔

شرد:

( ش ر د ) بھگا دینا۔

تفسیرآیات

۱۔ فَاِمَّا تَثۡقَفَنَّہُمۡ: اگر یہ عہد شکن لوگ لڑائی میں آپ کے ہاتھ آ جائیں تو ان کو ایسی عبرت ناک سزا دیں کہ آئندہ نہ صرف یہی لوگ عہد شکنی نہ کریں بلکہ ان کا حشر دیکھ کر ان کے بعد والے اس قسم کی حرکت کرنے کی جرات نہ کریں۔

۲۔ لَعَلَّہُمۡ یَذَّکَّرُوۡنَ: شاید آنے والے لوگ عبرت حاصل کریں۔ اس سے معلوم ہوا سزاؤں کی نظر صرف مجرم پر نہیں ہوتی بلکہ جرم پر ہوتی ہے۔

۳۔ عہد شکن لوگوں کے پاس انسانی قدریں نہیں ہوتیں ، اس لیے اسلامی لشکر کو چاہیے کہ وہ اپنی طاقت و قوت کا مظاہرہ کرے اور ان لوگوں کا مقابلہ کرتے ہوئے صرف ان کو نظر میں نہ رکھے بلکہ آنے والے تمام عہد شکنوں کو سامنے رکھے اور ان کو عہد شکنی کی ایسی سزا دے کہ جو نہ صرف ان کے لیے عبرت ہو بلکہ آنے والے تمام بد عہدوں کے لیے بھی اس میں سبق ہو۔

اہم نکات

۱۔ سزاؤں کا مطمع نظر فردی نہیں ، نوعی اور کلی ہوتا ہے: فَشَرِّدۡ بِہِمۡ مَّنۡ خَلۡفَہُمۡ ۔۔۔۔


آیت 57