آیت 5
 

اِنَّ الۡاَبۡرَارَ یَشۡرَبُوۡنَ مِنۡ کَاۡسٍ کَانَ مِزَاجُہَا کَافُوۡرًا ۚ﴿۵﴾

۵۔ نیکی کے مرتبے پر فائز لوگ ایسا مشروب پئیں گے جس میں کافور کی آمیزش ہو گی۔

شان نزول:اس آیت سے آیت نمبر ۲۲ تک آیات اہل بیت رسول کی شان میں نازل ہوئی ہیں ۔

زمخشری نے الکشاف ذیل آیہ میں تحریر کیا ہے :

ابن عباس سے روایت ہے کہ حسن و حسین (علیہما السلام) مریض ہوئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم چند لوگوں کے ہمراہ عیادت کے لیے آئے۔ لوگوں نے کہا: اے ابوالحسن! اپنے بیٹوں کی خاطر نذر مان لیں۔ چنانچہ علیؑ فاطمہؑ اور ان کی کنیز فضہ نے نذر مانی کہ اگر حسنین (علیہما السلام) شفایاب ہو جائیں تو تین دن روزہ رکھیں گے۔ چنانچہ حسنین (علیہما السلام) شفایاب ہوئے لیکن ان کے گھر میں کچھ نہیں تھا۔ چنانچہ علی (ع) نے شمعون خیبری یہودی سے تین صاع جو قرض لیا۔ چنانچہ فاطمہ (س) نے ایک صاع جو پیس لیا اور پانچ روٹیاں پکائیں اور ان کے سامنے افطار کے لیے رکھ دیں تو ایک سائل ان کے دروازے پر کھڑا ہوا اور کہا: السلام علیکم اہل بیت محمد! میں مسلمانوں کے مساکین میں سے ایک مسکین ہوں مجھے کچھ کھلائیں۔ اللہ آپ کو جنت کے دسترخوان سے اطعام کرے۔ چنانچہ سب نے اس مسکین کو ترجیح دی اور صرف پانی پر افطارکیا اور دوسرے دن روزہ رکھا۔ دوسرے دن بھی جب افطار کے لیے بیٹھ گئے تو ایک یتیم نے سوال کیا تو سارا کھانا اس یتیم کو دیا۔ تیسرے دن ایک اسیر نے سوال کیا تو سارا کھانا اس اسیر کو دیا۔ چنانچہ علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ حسن اور حسین (علیہما السلام) کے ہاتھ پکڑ کر رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں لے گئے۔ جب آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے انہیں گرسنگی کی وجہ سے چوزے کی طرح لرزتے دیکھا تو فرمایا: جو حال تمہارا میں دیکھ رہا ہوں اس سے میں شدید متاثرہوا ہوں۔ چنانچہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم ان کے ہمراہ گئے تو دیکھا حضرت فاطمہ (سلام اللہ علیہا) محراب عبادت میں گرسنگی کی حالت میں اور آنکھیں دھنسی ہوئی ہیں تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اس سے متاثر ہوئے۔ پس جبرئیل نازل ہوئے اور کہا یہ لیجیے اپنے اہل بیت کے بارے میں آپ کو مبارک ہو۔ پھر یہ سورہ پڑھ کر سنایا۔

اس روایت کے طرق درج ذیل ہیں:

i۔ حضرت علی علیہ السلام۔ ملاحظہ ہو شواہد التنزیل ۲: ۴۹۳۔ غایۃ المرام ص۳۶۸۔ تفسیر فرات ص۱۹۶۔ امالی صدوق حدیث ۱۱ مجلس ۴۴۔

ii۔ ابن عباس۔ حضرت ابن عباس سے یہ روایت چند ایک طرق سے منقول ہے:

الف۔ مجاہد

ب۔ ابو صالح

ج۔ عطاء سے

iii۔ زید بن ارقم۔ یہ روایت ابن عباس کی روایت سے اگرچہ مختلف عبارت میں ہے لیکن تین سائلوں کے اطعام کے بارے میں ان آیات کے نزول پر اتفاق ہے۔

iv۔ حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام۔ یہ روایت چند ایک طرق سے منقول ہے:

الف۔ مسلمہ بن جابر

ب۔ روح بن عبد اللّٰہ

ج۔ ابن عمار

د۔ میمون القداح۔

چنانچہ اس روایت کو ائمہ حدیث و تفسیر البرھان نے بیان کیا ہے۔ ان میں ابو جعفر اسکانی متوفی ۲۴۰ھ، محمد بن جریر طبری متوفی ۳۱۰ھ، حاکم نیشاپوری متوفی ۴۰۵ھ، ثعلبی متوفی ۴۲۷ھ، حافظ ابن مردویہ متوفی ۴۱۶ھ، واحدی نیشاپوری متوفی۴۶۸ھ، زمخشری متوفی ۵۳۸ھ وغیرھم قابل ذکر ہیں۔ ان کے علاوہ ۲۷ مصادر و منابع کی تفصیل کے لیے ملاحظ ہو الغدیر ۳: ۱۰۷۔

ان میں سبط ابن الجوزی کابھی ذکر آتا ہے جنہوں نے اپنے جد ابن الجوزی کو رد کیا ہے کہ اس روایت کو موضوعات میں شامل کیا ہے اور تعجب کا اظہار کیا ہے۔ الغدیر ۳: ۱۱۰ میں مذکور ہے: نظام الدین نیشاپوری نے اپنی تفسیر جو تفسیر طبری کے حاشیہ میں طبع ہے، لکھا ہے: یہ بھی روایت ہے کہ یہ سائل جبرئیل تھے جو باذن خدا اہل بیت کا امتحان کرنا چاہتے تھے۔

حضرت ابن عباس سے قرآن کی ترتیب نزولی کے بارے میں کئی طرق سے روایات موجود ہیں:

پہلی روایت: عن عثمان بن عطاء عن ابیہ عن ابن عباس۔ قال اول ما نزل بمکۃ اقرأ باسم ربک ثم ن و القلم۔۔۔۔ پھر ۸۵ سورتوں کا ذکر کرتے ہیں جو مکہ میں نازل ہوئیں۔ ثم انزلت بالمدینۃ البقرۃ ثم۔۔۔ ثم الرحمن ثم ھل اتی ثم الطلاق۔ اس میں سورہ ہل اتی کو مدنی سورتوں میں، سورۃ الرحمٰن اور سورہ طلاق کے درمیان ذکر کیا ہے۔ ملاحظہ ہو بیہقی کتاب دلائل النبوۃ۔ شواہد التنزیل، مجمع البیان اور الاتقان ۱: ۱۶۔

دوسری روایت: عن مجاہد عن ابن عباس انہ قال: اول ما نزل علی نبیہ من القرآن اقرأ باسم ربک۔۔۔۔

سابقہ حدیث کی طرح مدنی سورتوں میں سورۃ الانسان کو سورہ الرحمٰن اور سورہ طلاق کے درمیان ذکرکیا ہے۔ ملاحظہ ہو شواہد التنزیل، الاتقان ۱: ۱۵۔ النحاس الناسخ و المنسوخ میں ابو حاتم سے روایت کرتے ہیں۔

تیسری روایت: عن ابی صالح عن ابن عباس۔ اس روایت میں بھی سورہ انسان کو مدنی سورتوں میں ذکر کیا ہے۔ رجوع فرمائیں شواہد التنزیل۔

سب سے اہم یہ ہے کہ ائمہ اہل بیت علیہم السلام کا اس بات پر اجماع ہے کہ یہ سورہ مدنی ہے۔ لہٰذا اس سورہ مبارکہ کو مکی صرف وہ لوگ کہتے ہیں جو فضائل اہل بیت علیہم السلام کے منکر ہیں۔ وَ اِنَّا لَنَعۡلَمُ اَنَّ مِنۡکُمۡ مُّکَذِّبِیۡنَ۔

جن لوگوں کو اس سورہ مبارکہ کے مکی ہونے کے ساتھ دلچسپی ہے وہ اپنی تسلی کے لیے کہتے ہیں: جنت کی نعمتوں کا مفصل ذکر کرنا اور ساتھ عذاب کا بھی ذکر کرنا اور فَاصۡبِرۡ لِحُکۡمِ رَبِّکَ وَ لَا تُطِعۡ مِنۡہُمۡ اٰثِمًا اَوۡ کَفُوۡرًا کا حکم بتاتا ہے کہ سورہ مکی ہے۔

جواب یہ ہے: مذکورہ باتیں مکی سورتوں کے ساتھ مخصوص نہیں ہیں۔ سورہ رحمٰن اور سورہ حج دونوں مدنی ہیں اور سورہ ھل اتی سے زیادہ ان دونوں سورتوں میں نعمتوں اور عذاب کا ذکر ہے اور صبر کا حکم صرف مکی سورتوں میں نہیں ہے۔ اس سورہ کے مدنی ہونے پر کافی روایات موجود ہیں۔ سورہ کہف آیت ۲۸ دیکھیے۔ اس میں صبر کا حکم ان الفاظ میں آتا ہے:

وَ اصۡبِرۡ نَفۡسَکَ مَعَ الَّذِیۡنَ یَدۡعُوۡنَ رَبَّہُمۡ بِالۡغَدٰوۃِ وَ الۡعَشِیِّ یُرِیۡدُوۡنَ وَجۡہَہٗ وَ لَا تَعۡدُ عَیۡنٰکَ عَنۡہُمۡ ۚ تُرِیۡدُ زِیۡنَۃَ الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا ۚ وَ لَا تُطِعۡ مَنۡ اَغۡفَلۡنَا قَلۡبَہٗ عَنۡ ذِکۡرِنَا۔۔۔۔

اور (اے رسول) اپنے آپ کو ان لوگوں کی معیت میں محفوظ رکھیں جو صبح و شام اپنے رب کو پکارتے اور اس کی خوشنودی چاہتے ہیں اور اپنی نگاہیں ان سے نہ پھیریں، کیا آپ دنیاوی زندگی کی آرائش کے خواہشمند ہیں؟ اور آپ اس شخص کی اطاعت نہ کریں جس کے دل کو ہم نے اپنے ذکر سے غافل کر دیا ہے۔

نیز ایک قول یہ ہے کہ یہ سورہ آیت ۲۲ تک جو فضائل اہل بیت علیہم السلام پر مشتمل ہے، مدنی ہے، باقی مکی ہے۔ لہٰذا اس قول کی بناپر فَاصۡبِرۡ لِحُکۡمِ رَبِّکَ کی آیت مکی ہو جاتی ہے۔

بعض اہل قلم کو اس پر اعتراض ہے اور لکھتے ہیں:

یہ بات عجیب معلوم ہوتی ہے کہ ایک مسکین، ایک یتیم اور ایک قیدی اگر آ کر کھانا مانگتا ہے تو گھر کے پانچوں افراد کا پورا کھانا اسے دے دینے کی کیا معقول وجہ ہو سکتی ہے؟ (تفہیم القرآن ۶: ۷۶)

اس عظیم ایثار کی معقولیت کا سوال ان لوگوں سے ہو گا جن سے کہا جائے گا: وَ لَا تَحٰٓضُّوۡنَ عَلٰی طَعَامِ الۡمِسۡکِیۡنِ۔ (۸۹ فجر: ۱۸)

نیز یہ سوال قرآن کی تعبیر میں الطَّعَامَ کے صیغۂ جمع اور مسکین کے صیغۂ مفرد پر بھی جائے گا۔ فَمَا لَکُمۡ ۟ کَیۡفَ تَحۡکُمُوۡنَ۔

دوسرا اعتراض یہ ہے کہ اس کے علاوہ قیدیوں کے معاملے میں یہ طریقہ اسلامی حکومت کے دور میں کبھی نہیں رہا کہ انہیں بھیک مانگنے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔ اس کا جواب من فمک ادینک وہ آیت نمبر ۸ کے ذیل میں خود اپنی بات رد کرتے ہیں:

اس آیت میں قیدی سے مراد وہ شخص ہے جو قید میں ہو خواہ وہ کافر ہو یا مسلمان، خواہ جنگی قیدی ہو یا کسی اور جرم میں قید کیا گیا ہو نیز خواہ اسے قید کی حالت میں کھانا دیا جاتا ہو یا اس سے بھیک منگوائی جاتی ہو۔ (تفہیم القرآن)

تاریخ اسلام کا ایک ادنیٰ طالب بھی جانتا ہے کہ عہد رسالت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم میں کوئی قید خانہ نہیں ہوا کرتا تھا بلکہ اسیروں کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم مسلمانوں کے حوالے کرتے تھے کہ دو یا تین دن تک اپنے ہاں رکھ لیں اور کبھی اسیروں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے ان کا سنبھالنے میں دشواری پیش آتی تھی اور بھیک مانگنے کی نوبت آتی تھی۔ ملاحظہ ہو الکشاف ۴: ۶۶۸

قیدی کا مسئلہ خود ایک دلیل ہے کہ یہ سورہ مدنی ہے چونکہ مکہ میں کسی قیدی کا مسئلہ درپیش نہ تھا۔

سورہ ھل اتی عربی ادب میں: امام شافعی کہتے:

الام ألام و حتی متی

اعاتب فی حب ھذا الفتی

و ھل زوجت فاطم غیرہ

أو فی غیرہ ھل اتی ھل اتی

کسی اور شاعر نے کہا:

انا مولی الفتی انزل فیہ ھل اتی

الی متی أکتمہ، أکتمہ الی متی

کسی شاعر نے کہا:

و ھل اتی ھل اتی الا الی اسد

ففی الکتائب طود الحلم فی المحن

ھل فیہم سابق فی السابقین الی

حق الیقین وما صلی الی وثن

تفسیر آیات

۱۔ اِنَّ الۡاَبۡرَارَ: یہ لفظ بر کی جمع ہے۔اطاعت گزار کے معنوں میں ہے۔ لہٰذا وہ ہستیاں جنہوں نے اپنے خالق کی اطاعت کا حق ادا کیا ہے انہیں ابرار کہتے ہیں۔

آگے آنے والی آیات سے بھی الۡاَبۡرَارَ کی تعریف نکل آتی ہے۔ خوف خدا دل میں رکھتے ہیں۔ صرف اللہ کی رضا جوئی کے لیے لوگوں پر احسان کرتے ہیں۔ لوگوں سے کسی قسم کے معاوضے اور تعریف کی توقع نہیں رکھتے۔ یعنی ایثار کی اعلیٰ منزل پر فائز ہیں۔

۲۔ یَشۡرَبُوۡنَ مِنۡ کَاۡسٍ : کَاۡسٍ شراب کے پیالے یعنی جام کو کہتے ہیں۔ وہ جنت میں ایسے جام میں مشروب نوش کریں گے جس میں کَافُوۡرًا کی آمیزش ہو گی۔ کَافُوۡرًا سے مراد ممکن ہے کہ اس جام کے معطر اور خوشبو والے ہونے کی طرف اشارہ ہو جیسا کہ جنت کی نعمتوں کا کماحقہ وصف و بیان انسان کے لیے قابل فہم نہیں ہے۔


آیت 5