آیت 43
 

وَ نَزَعۡنَا مَا فِیۡ صُدُوۡرِہِمۡ مِّنۡ غِلٍّ تَجۡرِیۡ مِنۡ تَحۡتِہِمُ الۡاَنۡہٰرُ ۚ وَ قَالُوا الۡحَمۡدُ لِلّٰہِ الَّذِیۡ ہَدٰىنَا لِہٰذَا ۟ وَ مَا کُنَّا لِنَہۡتَدِیَ لَوۡ لَاۤ اَنۡ ہَدٰىنَا اللّٰہُ ۚ لَقَدۡ جَآءَتۡ رُسُلُ رَبِّنَا بِالۡحَقِّ ؕ وَ نُوۡدُوۡۤا اَنۡ تِلۡکُمُ الۡجَنَّۃُ اُوۡرِثۡتُمُوۡہَا بِمَا کُنۡتُمۡ تَعۡمَلُوۡنَ﴿۴۳﴾

۴۳۔ اور ہم ان کے دلوں میں موجود کینے نکال دیں گے، ان کے (محلات کے) نیچے نہریں بہ رہی ہوں گی اور وہ کہیں گے: ثنائے کامل ہے اس اللہ کے لیے جس نے ہمیں یہ راستہ دکھایا اور اگر اللہ ہماری رہنمائی نہ فرماتا تو ہم ہدایت نہ پاتے، ہمارے رب کے پیغمبر یقینا حق لے کر آئے اور اس وقت ان (مومنین) کو یہ ندا آئے گی کہ یہ جنت جس کے تم وارث بنائے گئے ہو ان اعمال کے صلے میں ہے جنہیں تم بجا لاتے رہے ہو۔

تشریح کلمات

غِلٍّ:

( غ ل ل ) الغِل کینہ و عداوت ۔

تفسیر آیات

۱۔ اہل ایمان کے جنت میں داخل ہونے سے پہلے اگر دنیا میں ان کی آپس میں کدورت ہو تو اللہ تعالیٰ ان کے دلوں سے ان کدورتوں اور عداوتوں کو صاف کر دے گا تاکہ ایک دوسرے کو دیکھ کرخوشی اور کیف و سرور محسوس کریں کیونکہ جن سے عداوت ہو ان کو دیکھنے سے اذیت ہوتی ہے۔ جنت میں کسی قسم کی اذیت نہ ہو گی اور احباب کے ساتھ بیٹھنے سے لطف اندوز ہوں گے۔

۲۔ وَ مَا کُنَّا لِنَہۡتَدِیَ: عرصہ آخرت میں قدم رکھنے کے بعد یہ بات کھل کر سامنے آئے گی کہ اللہ کی ذات ہی سرچشمہ ہدایت ہے۔ اگر اللہ کی رحمت شامل حال نہ ہوتی اور ضمیر، وجدان، عقل، فرشتے اور انبیاء کے ذریعے ہدایت کا سامان فراہم نہ کیا ہوتا تو آج جنت کے اس درجہ پر فائز ہونا ممکن نہ تھا۔

۳۔ لَقَدۡ جَآءَتۡ رُسُلُ رَبِّنَا بِالۡحَقِّ: یہ بات بھی کھل کر سامنے آ جائے گی کہ انبیاء و مرسلین اللہ کی طرف سے جو کچھ پیغام لائے، وہ سب مبنی بر حق تھے۔

۴۔ وَ نُوۡدُوۡۤا اَنۡ: جنت میں ہر مکلف کے لیے مخصوص درجہ و مقام موجود ہے، جس کا مستحق ایمان و عمل کے ذریعے بنتا ہے۔ جو لوگ ایمان نہیں لاتے اور عمل صالح نہیں کرتے، وہ جنت کے اس مقام کو کھو دیتے ہیں اور یہ مقام اہل ایمان و تقویٰ کو مل جاتا ہے۔ اس لیے اہل ایمان کو جنت کے وارث کہتے ہیں۔

اہم نکات

۱۔ دنیا و آخرت دونوں میں عمل ہی سے انسان کی تقدیر کا تعین ہوتا ہے ۔

۲۔ جنت میں مختلف افراد اور مختلف فرقوں کے درمیان موجود کدورتیں دور ہو جائیں گی۔

۳۔ ممکن ہے دو افراد یا دو فرقے جو آپس میں کدورت رکھتے تھے، دونوں جنتی ہوں۔


آیت 43