آیت 10
 

وَ لَقَدۡ مَکَّنّٰکُمۡ فِی الۡاَرۡضِ وَ جَعَلۡنَا لَکُمۡ فِیۡہَا مَعَایِشَ ؕ قَلِیۡلًا مَّا تَشۡکُرُوۡنَ﴿٪۱۰﴾

۱۰۔اور ہم ہی نے تمہیں زمین میں بسایا اور اس میں تمہارے لیے سامان زیست فراہم کیا (مگر) تم کم ہی شکر کرتے ہو۔

تفسیر آیات

یہاں مکنا سے مراد، بسانا ہے۔ کیونکہ اس کے بعدفِی سے بات آگے بڑھائی ہے اور اگر لام کے ساتھ بات آگے بڑھتی تو اقتدار و سلطنت کے معنوں میں ہوتا۔ جیسا کہ مَکَّنَّا لِیُوۡسُفَ (۱۲ یوسف: ۲۱) میں لام آیا ہے۔ البتہ سورہ حج آیت۴۱ میں مَکَّنّٰکُمۡ فِی الۡاَرۡضِ سے اقتدار مراد لیا جا سکتا ہے۔

کائنات کی فضا کا بغور مطالعہ کیا جائے تو یہاں حیات اور زندگی کے لیے کوئی فضا سازگار نہیں ہے۔ اگر کوئی شعور و ارادہ جو کائناتی رکاوٹوں سے کہیں زیادہ طاقتور ہو، موجود نہ ہو،یہاں زندگی کی نشو و نما ممکن نہیں۔ اپنے نظام شمسی کو لے لیجیے کہ اس میں صرف ایک ہی کرہ یعنی زمین اس وقت حیات کے لیے سازگار ہے۔ یہ بھی ایک زمانے میں آگ کے شعلوں سے عبارت تھی۔ اب اس زمین کو زندگی کے لیے سازگار بنایا۔ نہ اتنی سخت بنائی کہ دانہ نہ نکلے، نہ اتنی نرم بنائی کہ کوئی چیز ٹھہر نہ سکے۔چونکہ نرم چیز پر کوئی عمارت ٹھہر نہں سکتی۔ سورج سے نہ چنداں دور کہ سردی سے زندگی ممکن نہ ہو، نہ چندااں نزدیک کہ گرمی سے حیات ممکن نہ ہو۔ زمین کی سورج کے گرد گردش اور محوری حرکت کی رفتار بھی مناسب۔ پھر زمین کے اندر وہ خصوصیات ودیعت فرمائیں جن سے انسان اور دیگر جاندار اپنی روزی حاصل کر سکتے ہیں اور انسان ان کی صلاحیتوں کو مسخر کر سکتا ہے۔ اس پر پڑنے والی شعاعیں، اس کی فضا میں موجود ہوائیں، اس کی خاک میں موجود صلاحیتیں اور پانی کی طراوت وغیرہ سب انسانی زندگی کے لیے سازگار اور معاون ہیں۔ جیسا کہ سورہ حٰمٓ سجدہ آیت ۱۰ میں فرمایا:

وَ جَعَلَ فِیۡہَا رَوَاسِیَ مِنۡ فَوۡقِہَا وَ بٰرَکَ فِیۡہَا وَ قَدَّرَ فِیۡہَاۤ اَقۡوَاتَہَا فِیۡۤ اَرۡبَعَۃِ اَیَّامٍ ؕ سَوَآءً لِّلسَّآئِلِیۡنَ

اور اسی نے زمین میں اس کے اوپر پہاڑ بنائے اور اس میں برکات رکھ دیں اور اس میں چاردنوں میں حاجت مندوں کی ضروریات کے برابرسامان خوراک مقرر کیا۔

زمینی حقائق کا تفصیلی اور دقیق مطالعہ کرنے کے بعد اس آیت کی تلاوت کی جائے:

وَ لَقَدۡ مَکَّنّٰکُمۡ فِی الۡاَرۡضِ وَ جَعَلۡنَا لَکُمۡ فِیۡہَا مَعَایِشَ ؕ قَلِیۡلًا مَّا تَشۡکُرُوۡنَ

تو مؤمن بے ساختہ کہہ اٹھے گا: صدق اللہ العلی العظیم ۔


آیت 10