آیات 5 - 6
 

فَسَتُبۡصِرُ وَ یُبۡصِرُوۡنَ ۙ﴿۵﴾

۵۔ پس عنقریب آپ دیکھ لیں گے اور وہ بھی دیکھ لیں گے ،

بِاَىیِّکُمُ الۡمَفۡتُوۡنُ﴿۶﴾

۶۔ کہ تم میں سے کسے جنون عارض ہے۔

تفسیر آیات

اے رسول (صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم)! آپ خود اپنی حیات طیبہ میں دیکھ لیں گے اور آپ کے دشمن بھی دیکھ لیں گے۔ عقل و خرد کے اعتبار سے بے مایہ لوگ کون تھے۔ نتیجہ کار بتائے گا کہ جو کام شروع ہوا تھا وہ عاقلانہ تھا یا اسے درک نہ کرنے والے دیوانے تھے۔

جب آپ کے پیغام سے عقلوں میں جنبش آ جائے گی، عقل و خرد پروان چڑھنا شروع کر دے گی، جاہلیت کی تاریکیوں میں بھٹکنے والوں کو جب روشنی مل جائے گی، جب عقلوں پر پڑے پردے آپ کی تعلیمات سے ہٹ جائیں گے، اس وقت انہیں پتہ چلے گا جنون میں مبتلا کون تھا۔ چنانچہ چشم فلک نے دیکھ لیا عقل کل کا مالک اور عقلوں کو جلا بخشنے والا کون تھا اور جن کی عقلوں پر پردہ پڑا رہا وہ کون تھے۔


آیات 5 - 6