آیت 9
 

فَکَانَ قَابَ قَوۡسَیۡنِ اَوۡ اَدۡنٰی ۚ﴿۹﴾

۹۔ یہاں تک کہ دو کمانوں کے برابر یا اس سے کم (فاصلہ) رہ گیا۔

تشریح کلمات

قَابَ:

( ق و ب ) مقدار کے معنوں میں ہے۔ القاب کے معنی کمان کے درمیانی حصہ سے لے کر ایک گوشہ کمان تک کے فاصلہ کے ہیں اور قوس کی طرف اضافہ کے ساتھ استعمال ہوتا ہے اور فاصلہ ناپنے کے لیے قوس، رمح، الذراع، الباع، الخطوۃ، الشبر وغیرہ کے الفاظ استعمال ہوتے ہیں۔

تفسیر آیات

جبرئیل اپنی واقعی شکل میں اس حد تک نزدیک آگئے کہ دو کمانوں کے برابر یا اس سے کم فاصلہ رہ گیا۔ انس بن مالک کی روایت کے مطابق رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: قَوۡسَیۡنِ دو ہاتھ کے برابر یا تھوڑا کم ہے۔ ( مجمع البیان )

دوسرے نظریے کے مطابق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ کے اس قدر نزدیک ہو گئے یعنی عبد اور معبود میں موجود حجاب ہٹتے گئے اور قرب معنوی میں اس حد تک نزدیک ہو گئے کہ محسوس تشبیہ کے مطابق دو کمانوں کا فاصلہ رہ گیا۔


آیت 9