آیات 7 - 9
 

رَبِّ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ وَ مَا بَیۡنَہُمَا ۘ اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّوۡقِنِیۡنَ﴿۷﴾

۷۔ وہ آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے سب کا رب ہے اگر تم یقین رکھنے والے ہو۔

لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ یُحۡیٖ وَ یُمِیۡتُ ؕ رَبُّکُمۡ وَ رَبُّ اٰبَآئِکُمُ الۡاَوَّلِیۡنَ﴿۸﴾

۸۔ اس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہی زندگی اور موت دیتا ہے، وہی تمہارا رب ہے اور تمہارے پہلے باپ دادا کا رب ہے۔

بَلۡ ہُمۡ فِیۡ شَکٍّ یَّلۡعَبُوۡنَ﴿۹﴾

۹۔ لیکن یہ لوگ شک میں پڑے کھیل رہے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ مشرکین مختلف اور متعدد ارباب کا عقیدہ رکھتے تھے بلکہ ہر قوم کا ایک معبود رَب ہوا کرتا تھا۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب میں جب رَبِّکَ آپ کا رب فرمایا تو مشرکین کو یہ گمان ہو سکتا تھا محمد اپنے لیے مخصوص رَبْ بناتا ہے اور ہم اپنا جدا رب بناتے ہیں تو مسترد کر دیتا ہے۔ اس احتمال کو ختم کرتے ہوئے فرمایا: وہ کل کائنات کا ربْ ہے: رَبِّ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ۔

۲۔ اِنۡ کُنۡتُمۡ مُّوۡقِنِیۡنَ: یہ بات کہ اللہ تعالیٰ کل کائنات کا رَب ہے اہل یقین جانتے ہیں۔ اگر تم اہل یقین میں سے ہو تو تم پر یہ بات روز روشن کی طرح واضح ہے کہ کائنات میں ایک اللہ کے سوا کوئی ربْ نہیں ہے۔

۳۔ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ: اہل یقین پر یہ بات واضح ہے کہ اس ایک رَب کے علاوہ کوئی اور قابل پرستش نہیں ہے۔ عبادت صرف رَب کی ہوتی ہے اور رَب صرف ایک ہے۔

۴۔ یُحۡیٖ وَ یُمِیۡتُ: رب اور معبود وہ ہے جس کے قبضۂ قدرت میں موت و حیات ہے۔ جس کے ہاتھ میں موت و حیات ہے اسی کے ہاتھ میں تمہاری زندگی کی تدبیریں ہیں۔

۵۔ رَبُّکُمۡ وَ رَبُّ اٰبَآئِکُمُ الۡاَوَّلِیۡنَ: یہ نہ کہو ہم اپنے آباء و اجداد کے رب کو کیسے چھوڑیں؟ چونکہ اللہ ہی تمہارے آباء و اجداد کا رَب ہے۔ اگر ان کی تقلید کرنا ہی ہے تو ان کے حقیقی رَب کو اپنا کر تقلید کرو۔

۹۔ بَلۡ ہُمۡ فِیۡ شَکٍّ یَّلۡعَبُوۡنَ: وہ اللہ کی ربوبیت اور مدبریت کے بارے میں شک میں مبتلا ہیں۔ یہ شک اس وجہ سے نہیں کہ ان لوگوں نے اپنی عقل و فکر سے کام لیا ہو، اس بارے میں ممکنہ تحقیق کی ہو۔ تمام فکری و استدلالی ذرائع استعمال کیے ہوں، پھر وہ نتیجے تک نہ پہنچ سکے ہوں بلکہ وہ اس لیے شک میں مبتلا ہیں کہ وہ اپنی فکری و عقلی توانائی استعمال کرنے کی جگہ بیہودہ لغویات میں مشغول ہیں۔ ظاہر ہے جو دماغ لہویات اور بے مقصد چیزوں میں مشغول ہو وہ کسی مقصد تک نہیں پہنچ سکتا۔


آیات 7 - 9