آیات 145 - 146
 

اِنَّ الۡمُنٰفِقِیۡنَ فِی الدَّرۡکِ الۡاَسۡفَلِ مِنَ النَّارِ ۚ وَ لَنۡ تَجِدَ لَہُمۡ نَصِیۡرًا﴿۱۴۵﴾ۙ

۱۴۵۔منافقین تو یقینا جہنم کے سب سے نچلے طبقے میں ہوں گے اور آپ کسی کو ان کا مددگار نہیں پائیں گے ۔

اِلَّا الَّذِیۡنَ تَابُوۡا وَ اَصۡلَحُوۡا وَ اعۡتَصَمُوۡا بِاللّٰہِ وَ اَخۡلَصُوۡا دِیۡنَہُمۡ لِلّٰہِ فَاُولٰٓئِکَ مَعَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ ؕ وَ سَوۡفَ یُؤۡتِ اللّٰہُ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ اَجۡرًا عَظِیۡمًا﴿۱۴۶﴾

۱۴۶۔البتہ ان میں سے جو لوگ توبہ کریں اور اپنی اصلاح کر لیں اور اللہ سے متمسک رہیں اور اپنے دین کو اللہ کے لیے خالص کریں تو ایسے لوگ مومنوں کے ساتھ ہوں گے اور اللہ عنقریب مومنوں کو اجر عظیم عطا فرمائے گا۔

تشریح کلمات

الدَّرۡکِ:

( د ر ک ) درجات کے مقابلے میں ہے۔ چنانچہ اوپر چڑھنے کے لیے لفظ ’’ درجات ‘‘ بولا جاتا ہے اورنیچے اترنے کے لیے لفظ ’’ درکات ‘‘ بولا جاتا ہے ۔ چنانچہ محاورہ ہے: درجات الجنۃ و درکات النار ۔

تفسیر آیات

۱۔ اِنَّ الۡمُنٰفِقِیۡنَ: دو اعتبار سے منافق کافر سے بھی بدتر ہے:

i۔ منافق، کافر سے زیادہ بدضمیر اور بدباطن ہے۔ کیونکہ کافر اپنے مؤقف کا برملا اظہارکرتا ہے اور منافق کی نسبت انکار کی جرأت کرتا ہے۔

ii۔ منافق، ایمان کا لبادہ اوڑھ کر بظاہر معاشرتی معاملات میں ایمان کے فائدے اٹھاتاہے اور باطن میں ایمان والوں کی جڑیں کاٹتا ہے۔ لہٰذا یہ مار آستین بن کر کافر سے زیادہ خطرناک ہو جاتا ہے۔ اس وجہ سے یہ منافق لوگ جہنم کے نچلے طبقوں میں ہوں گے۔ یعنی ان کا عذاب کفار سے بھی زیادہ ہو گا۔

۲۔ اِلَّا الَّذِيْنَ تَابُوْا: اس کے باوجود توبہ کا دروازہ ان کے لیے بھی کھلا ہے لیکن صرف ایک توبہ کر لینا ہی کافی نہیں ہے، اس کے ساتھ درج ذیل باتیں بھی ہوں:

الف: وَ اَصۡلَحُوۡا: آئندہ کے لیے اپنی اصلاح کریں۔ یعنی منافقت کی میل کچیل کو ختم کر کے نئے سرے سے ایمان کی زندگی اختیار کریں۔

ب: وَ اعۡتَصَمُوۡا: اللہ کے ساتھ متمسک رہیں۔ یعنی احکام الٰہی کے پابند رہیں۔

ج: وَ اَخۡلَصُوۡا: اس کے ایمان و عمل میں مفادات کو دخل نہ ہو، بلکہ خالصتاً اللہ کے لیے ہو تو یہ لوگ مومنین کے ساتھ محشور ہوں گے۔

یہاں پر اللہ تعالیٰ نے مَعَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ ’’مؤمنین کے ساتھ‘‘ فرمایا، من المؤمنین ’’مومنین میں سے‘‘ نہیں فرمایا۔ یعنی یہ منافقین توبہ و اصلاح کے بعد بھی مومنین کے ساتھ ہوں گے۔ البتہ رسوخ ایمان کے بعد یہ لوگ مومنین میں شمار ہو سکتے ہیں۔

اہم نکات

۱۔ توبہ اگر اصلاح، اخلاص اور عمل کے ساتھ ہو تو ایسی توبہ منافق کو بھی مومن بنا دیتی ہے۔


آیات 145 - 146