آیت 19
 

اَمَّا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا وَ عَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ فَلَہُمۡ جَنّٰتُ الۡمَاۡوٰی ۫ نُزُلًۢا بِمَا کَانُوۡا یَعۡمَلُوۡنَ﴿۱۹﴾

۱۹۔ مگر جو ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے ان کے لیے جنتوں کی قیام گاہیں ہیں، یہ ضیافت ان اعمال کا صلہ ہے جو وہ انجام دیا کرتے تھے۔

تفسیر آیات

سابقہ آیت میں ایک کلیہ بیان فرمایا کہ مؤمن اور فاسق برابر نہیں ہو سکتے۔ اس کے بعد مؤمن اور فاسق کے بارے میں تفصیل کا بیان ہے:

جو لوگ ایمان کے ساتھ عمل صالح بجا لاتے ہیں ان کی ضیافت جنۃ الماوی میں ہو گی۔ جنت میں کئی جنتیں ہیں جنہیں مختلف ناموں سے یاد کیا گیا ہے۔ جنۃ الفردوس، جنۃ عدن، جنت نعیم اور خصوصی طور پر جنت الماوی کا ذکر ہے جو سدرۃ المنتہی کے پاس ہے:

عِنۡدَ سِدۡرَۃِ الۡمُنۡتَہٰی﴿﴾ عِنۡدَہَا جَنَّۃُ الۡمَاۡوٰی ﴿﴾ (۵۳ نجم: ۱۴۔ ۱۵)

سدرۃ المنتہیٰ کے پاس، جس کے پاس ہی جنۃ الماویٰ ہے۔

حضرت علی علیہ السلام سے روایت ہے:

عَلَیْکُمْ بِلَزُومِ الْیَقِینِ و التَّقْویَ فَاِنَّہُمَا یُبَلَّغَانِکُمْ جَنَّۃَ الْمَاْوَی ۔ (مستدرک الوسائل ۱۱: ۲۰۰)

تم یقین اور تقویٰ کو اپناؤ یہ دونوں تمہیں جنۃ الماویٰ پہنچانے والے ہیں۔


آیت 19