آیت 47
 

وَ کَذٰلِکَ اَنۡزَلۡنَاۤ اِلَیۡکَ الۡکِتٰبَ ؕ فَالَّذِیۡنَ اٰتَیۡنٰہُمُ الۡکِتٰبَ یُؤۡمِنُوۡنَ بِہٖ ۚ وَ مِنۡ ہٰۤؤُلَآءِ مَنۡ یُّؤۡمِنُ بِہٖ ؕ وَ مَا یَجۡحَدُ بِاٰیٰتِنَاۤ اِلَّا الۡکٰفِرُوۡنَ﴿۴۷﴾

۴۷۔ اور اسی طرح ہم نے آپ کی طرف کتاب نازل کی ہے، پس جنہیں ہم نے کتاب دی ہے وہ اس پر ایمان لاتے ہیں اور ان لوگوں میں سے بھی بعض اس پر ایمان لے آئے ہیں اور صرف کفار ہی ہماری آیات کا انکار کرتے ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ کَذٰلِکَ اَنۡزَلۡنَاۤ اِلَیۡکَ الۡکِتٰبَ: جس طرح دیگر انبیاءعلیہم السلام پر ہم نے کتاب نازل کی ہے۔ اے رسولؐ آپ پر بھی کتاب نازل کی ہے۔ یہ سلسلہ انبیاء علیہم السلام کی تسلیم شدہ روایت ہے۔ کوئی انوکھی چیز نہیں ہے۔

۲۔ فَالَّذِیۡنَ اٰتَیۡنٰہُمُ الۡکِتٰبَ یُؤۡمِنُوۡنَ بِہٖ: اس بنیاد پر کہ یہ سلسلہ انبیا علیہم السلام کی ایک کڑی ہے اہل کتاب میں سے کچھ لوگ اس قرآن پر ایمان لاتے ہیں اور تسلیم کرتے ہیں کہ قرآن وہی کتاب ہے جس کی پیشگوئی ہماری کتابوں میں موجود ہے۔

۳۔ وَ مِنۡ ہٰۤؤُلَآءِ مَنۡ یُّؤۡمِنُ بِہٖ: ان لوگوں میں سے کچھ ایمان لاتے ہیں۔ اشارہ مشرکین کی طرف ہے کہ مشرکین میں سے کچھ ایسے ہیں جو اسے اللہ کی کتاب سمجھ کر اس پر ایمان لے آئے ہیں۔

۴۔ وَ مَا یَجۡحَدُ بِاٰیٰتِنَاۤ اِلَّا الۡکٰفِرُوۡنَ: اس قرآن کی آیات کا انکار وہ لوگ کرتے ہیں جو حق چھپاتے اور باطل کا پرچار کرتے ہیں خواہ وہ مشرک ہوں یا اہل کتاب۔


آیت 47