آیت 117
 

وَ مَنۡ یَّدۡعُ مَعَ اللّٰہِ اِلٰـہًا اٰخَرَ ۙ لَا بُرۡہَانَ لَہٗ بِہٖ ۙ فَاِنَّمَا حِسَابُہٗ عِنۡدَ رَبِّہٖ ؕ اِنَّہٗ لَا یُفۡلِحُ الۡکٰفِرُوۡنَ﴿۱۱۷﴾

۱۱۷۔ اور جو اللہ کے ساتھ کسی اور معبود کو پکارے جس کی اس کے پاس کوئی دلیل بھی نہیں ہے تو اس کا حساب اس کے رب کے پاس ہے اور کافر یقینا فلاح نہیں پا سکتے۔

تفسیر آیات

۱۔ مَعَ اللّٰہِ: اللہ کے ساتھ۔ یعنی اللہ کے وجود یا اللہ کی عبادت کے ساتھ۔ پہلی صورت میں معنی یہ ہوں گے: اللہ کے ہوتے ہوئے کسی اور معبود کو پکارتے ہیں۔ دوسری صورت میں معنی یہ ہوں گے: اللہ کی عبادت کے ساتھ کسی اور معبود کی بھی عبادت کرتے ہیں۔

۲۔ لَا بُرۡہَانَ لَہٗ: اس قسم کے شخص کے پاس اس موقف پر کوئی دلیل نہیں ہے۔ اس سے یہ بات ملتی ہے کہ ہر موقف کے اختیار کرنے سے پہلے اس کے حق میں دلیل قائم ہونی چاہیے۔ یہاں تو اس موقف کے خلاف دلیل ہے۔

۳۔ فَاِنَّمَا حِسَابُہٗ: اس کا حساب اللہ کے پاس ہے۔ اسی کے حضور اس کو جواب دینا ہے۔ اگرچہ ان کے حساب کا نتیجہ یہی ہو گا: لَا یُفۡلِحُ الۡکٰفِرُوۡنَ ۔


آیت 117