آیت 8
 

اَللّٰہُ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ؕ لَہُ الۡاَسۡمَآءُ الۡحُسۡنٰی﴿۸﴾

۸۔ اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، بہترین نام اسی کے ہیں۔

تفسیر آیات

پرستش کے جتنے محرکات ہیں وہ سب اللہ تعالیٰ ہی میں موجود ہیں (تفصیل کے لیے ملاحظہ سورہ فاتحہ اِیَّاکَ نَعۡبُدُ کی تفسیر) اللہ کے علاوہ کسی اور پر کوئی لفظ دلالت کرتا ہے تو وہ کماحقہ نہیں ہوتا۔ مثلاً اگر کسی کو عالم کہا جائے تو عالم اس شخص پر کماحقہ دلالت نہیں کرتا کیونکہ جو علم اس عالم کے پاس ہے وہ عارضی اور ناقص ہے۔ نہ اس کا ذاتی ہے بلکہ کسی کا دیا ہوا ہے۔ نہ وہ تمام معلومات کا علم رکھتا ہے۔ جب کہ اللہ تعالیٰ کا علم کسی کا دیا ہوا نہیں بلکہ ذاتی ہے اور وہ تمام معلومات کا علم رکھتا ہے۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کی قدرت اور حیات ذاتی اور کامل ہے، عارضی اور ناقص نہیں ہے۔ لہٰذا علم، حیات، قدرت وغیرہ میں جو بھی جمال و کمال قابل تصور ہے وہ سب اللہ تعالیٰ کو حاصل ہے۔ ہم علیم، قدیر، حی و قادر کے اسماء سے اللہ کو یاد کرتے ہیں۔ اسمائے حسنی کے بارے میں تفصیل کے لیے ملاحظہ ہو: سورۃ الاعراف آیت ۱۸۰۔


آیت 8