آیات 67 - 69
 

وَ اِذَا مَسَّکُمُ الضُّرُّ فِی الۡبَحۡرِ ضَلَّ مَنۡ تَدۡعُوۡنَ اِلَّاۤ اِیَّاہُ ۚ فَلَمَّا نَجّٰىکُمۡ اِلَی الۡبَرِّ اَعۡرَضۡتُمۡ ؕ وَ کَانَ الۡاِنۡسَانُ کَفُوۡرًا﴿۶۷﴾

۶۷۔ اور جب سمندر میں تمہیں کوئی حادثہ پیش آتا ہے تو سوائے اللہ کے جن جن کو تم پکارتے تھے وہ سب ناپید ہو جاتے ہیں پھر جب اللہ تمہیں خشکی کی طرف نجات دیتا ہے تو تم منہ موڑنے لگتے ہو اور انسان بڑا ہی ناشکرا ثابت ہوا ہے ۔

اَفَاَمِنۡتُمۡ اَنۡ یَّخۡسِفَ بِکُمۡ جَانِبَ الۡبَرِّ اَوۡ یُرۡسِلَ عَلَیۡکُمۡ حَاصِبًا ثُمَّ لَا تَجِدُوۡا لَکُمۡ وَکِیۡلًا ﴿ۙ۶۸﴾

۶۸۔تو کیا تم اس بات سے خائف نہیں ہو کہ اللہ تمہیں خشکی کی طرف زمین میں دھنسا دے یا تم پر پتھر برسانے والی آندھی چلا دے، پھر تم اپنے لیے کوئی ضامن نہیں پاؤ گے۔

اَمۡ اَمِنۡتُمۡ اَنۡ یُّعِیۡدَکُمۡ فِیۡہِ تَارَۃً اُخۡرٰی فَیُرۡسِلَ عَلَیۡکُمۡ قَاصِفًا مِّنَ الرِّیۡحِ فَیُغۡرِقَکُمۡ بِمَا کَفَرۡتُمۡ ۙ ثُمَّ لَا تَجِدُوۡا لَکُمۡ عَلَیۡنَا بِہٖ تَبِیۡعًا﴿۶۹﴾

۶۹۔ آیا تمہیں اس بات کا خوف نہیں کہ اللہ تمہیں دوبارہ سمندر کی طرف لے جائے پھر تم پر تیز ہوا چلا دے پھر تمہارے کفر کی پاداش میں تمہیں غرق کر دے؟ پھر تمہیں اپنے لیے اس بات پر ہمارا پیچھا کرنے والا کوئی نہ ملے گا۔

تشریح کلمات

حاصب:

( ح ص ب ) سنگریزوں کو اڑانے والی تیز آندھی۔

قاصف:

( ق ص ف ) تیز اور سخت ہوا جو درختوں اور عمارتوں کو توڑتی ہوئی چلی جائے۔

تفسیر آیات

۱۔ وَ اِذَا مَسَّکُمُ الضُّرُّ فِی الۡبَحۡرِ: سمندر میں پیش آنے والے حادثے کی وجہ سے غرق ہونے کا خطرہ ہے تو اس وقت یہ مشرکین اپنے خود ساختہ معبودوں کو بھول جاتے ہیں اور صرف اللہ تعالیٰ کو پکارتے ہیں کیونکہ غرق ہونے کے خوف سے ان کی فطرت پر پڑا ہوا پردہ ہٹ جاتا ہے اور اس رب کی طرف لوٹ آتی ہے جس سے یہ مانوس تھی۔

۲۔ فَلَمَّا نَجّٰىکُمۡ اِلَی الۡبَرِّ: لیکن نجات ملنے پر وہ پردہ دوبارہ اس کی فطرت کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ اپنی نجات کی نسبت اللہ کی طرف دینے کی بجائے ان وسائل کی طرف دیتا ہے جو اللہ نے فراہم کیے تھے۔

۳۔ اَفَاَمِنۡتُمۡ اَنۡ یَّخۡسِفَ بِکُمۡ: انسان کاملاً اللہ کے قبضہ قدرت میں ہے۔ دریا میں ہو یا خشکی میں اس کے لیے اللہ کی گرفت سے بچ نکلنا ممکن نہیں ہے۔ خشکی میں اگر وہ زمین میں دھنس جائے، آندھی میں گھر جائے یا سمندر کی لہروں میں پھنس جائے تو اللہ کے علاوہ اسے بچانے والا کوئی نہیں ہے کیونکہ ان تمام چیزوں پر اللہ کی حکومت ہے اور اللہ کی حکومت سے فرار ممکن نہیں ہے۔


آیات 67 - 69