آیت 7
 

لَقَدۡ کَانَ فِیۡ یُوۡسُفَ وَ اِخۡوَتِہٖۤ اٰیٰتٌ لِّلسَّآئِلِیۡنَ﴿۷﴾

۷۔ بتحقیق یوسف اور اس کے بھائیوں (کے قصے) میں پوچھنے والوں کے لیے نشانیاں ہیں۔

تفسیر آیات

۱۔ اس جملے سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ یوسف علیہ السلام اور برادران یوسف کے بارے میں حضورؐ سے سوال ہوا تھا۔ اس سورہ میں اس کا جواب دیا جا رہا ہے۔

۲۔ اس قصے میں حضرت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نبوت کی حقانیت پر چند ایک آیات موجود ہیں کیونکہ اہل عرب اس قصے سے بالکل ناواقف تھے۔ اس زمانے میں اور کوئی ذریعہ بھی نہ تھا کہ اس تاریخی واقعہ کو اخذ کیا جائے۔ ساتھ اس واقعہ میں اللہ کی قدرت و حاکمیت پر بہت سی نشانیاں موجود ہیں۔ برادران یوسف کے حسد کی زد میں آنے والے کمسن یوسف علیہ السلام کی کامیابیوں میں اور برادران یوسف کی ناکامیوں میں ارادہ الٰہی کی حاکمیت پر بڑی نشانیاں ہیں۔ ایک کمسن بچے کا کنویں میں پھینکا جانا، غلام بن کر مصر پہنچ جانا، ایک عورت کی مکاری سے دو چار ہونا، پھرزندان اور زندان سے تخت اقتدار پر آنا، یہ سب تدبیر الٰہی کی نشانیاں ہیں۔

اہم نکات

۱۔ اللہ کے نیک بندوں کی سرنوشت میں بھی آیات الٰہی پوشیدہ ہوتی ہیں۔


آیت 7