اہل جنت کا محبوب ترین مشغلہ


دَعۡوٰىہُمۡ فِیۡہَا سُبۡحٰنَکَ اللّٰہُمَّ وَ تَحِیَّتُہُمۡ فِیۡہَا سَلٰمٌ ۚ وَ اٰخِرُ دَعۡوٰىہُمۡ اَنِ الۡحَمۡدُ لِلّٰہِ رَبِّ الۡعٰلَمِیۡنَ﴿٪۱۰﴾

۱۰۔ جہاں ان کی صدا [سبحانک اللّٰھم] (اے اللہ تیری ذات پاک ہے) اور وہاں ان کی تحیت سلام ہو گی اور ان کی دعا کا خاتمہ [الحمد للّٰہ رب العالمین] ہو گا۔

10۔ اس قرب الٰہی کی فضا میں اہل جنت کے لیے سب سے زیادہ محبوب ترین مشغلہ وہی تسبیح ہو گی جس تسبیح سے وہ دنیاوی زندگی میں مانوس رہ چکے ہیں۔ فرق یہ ہے کہ دنیا میں وہ اپنے رب پر ایمان بالغیب رکھتے تھے اور آخرت میں شہود کے مرحلے میں داخل ہوئے ہوں گے، پردے اٹھ گئے ہوں گے اور اللہ کی عظمت اور اس کی بے پایاں رحمتوں کا قریب سے مشاہدہ کر رہے ہوں گے۔ ایسے ماحول میں سُبۡحٰنَکَ اللّٰہُمَّ کے ورد میں کیا کیف و سرور ہو گا اس کا اندازہ ہم اس مادی ماحول میں نہیں کر سکتے۔