ہدایت تکوینی


وَ الَّذِیۡ قَدَّرَ فَہَدٰی ۪ۙ﴿۳﴾

۳۔ اور جس نے تقدیر بنائی پھر راہ دکھائی۔

قَدَّرَ یعنی تقدیر سازی کی، صرف تخلیق نہیں بلکہ اس کے ساتھ اس کے لیے منصوبہ بندی کی اور ہر مخلوق کے لیے حدود و قیود کا تعین کیا اور اس کی ذات و صفات اور افعال کے لیے ایک قانون اور دستور وضع کیا، جس سے تجاوز کرنا ممکن نہ ہو۔

فَہَدٰی : مخلوق کی آئندہ منصوبہ بندی کے ساتھ اس میں آئندہ اپنی زندگی کو قائم رکھنے کے لیے اصول و ضوابط اور لوازم کے حصول کی ہدایت بھی ودیعت فرمائی اور عبودیت و بندگی کے تقاضے بھی اس کی فطرت میں ودیعت فرمائے۔ اسی فطری ہدایت کی بنا پر بچہ ماں کی چھاتی کو پہچان لیتا ہے اور ہر جاندار اپنی روزی کے مقامات کی طرف چل پڑتا ہے۔ یہ ہدایت خلقت کے ماوراء ایک شعور ہے جو اللہ کی نشانی ہے۔