اہل ایمان کی خصوصیات


قَدۡ اَفۡلَحَ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ ۙ﴿۱﴾

۱۔ وہ ایمان والے یقینا فلاح پا گئے

1۔ فلاح و کامیابی کے لیے ایمان شرط ہے۔ ایمان دل سے باور کرنے اور یقین حاصل کرنے کا نام ہے۔ اگر صرف عدم انکار ہو تو اسے اسلام کہتے ہیں، جس پر صرف ظاہری احکام اسلام مرتب ہوتے ہیں مثلا حلیت ذبیحہ و مناکحہ وغیرہ۔ ایمان کے بعد فلاح کے لیے دوسری شرط نماز میں خشوع و انکساری ہے۔ واضح رہے کہ نماز خشوع قلب کے ساتھ قبول ہو گی اور نماز کی قبولیت پر ثواب و رضائے رب مترتب ہوتی ہے۔ اگر قبول نہ ہو تو ثواب نہیں ہے۔ نماز بجا لانے کی وجہ سے عذاب بھی نہیں ہے۔ تیسری شرط لغویات سے اجتناب ہے۔ لغو اس عمل کو کہتے ہیں جس کا فائدہ نہ دنیا کے لیے ہو اور نہ آخرت کے لیے۔ چوتھی شرط زکوٰۃ کا ادا کرنا ہے۔ واضح رہے کہ ہر قسم کے مال کا انفاق زکوٰۃ ہے، آگے اس کی اصطلاحات مختلف ہیں۔ مثلاً خمس، فطرہ، عشر وغیرہ۔ پانچویں شرط پاکدامنی و عفت ہے۔ چھٹی شرط امانتوں کی ادائیگی اور معاہدوں کی پابندی ہے۔ واضح رہے کہ یہ دونوں باتیں اسلام کے نزدیک انسانی حقوق میں شامل ہیں۔ فریق مقابل خواہ مسلم ہو یا غیر مسلم، اس کے معاملے میں امانت کی ادائیگی اور معاہدوں کی پاسداری لازمی ہے۔ ساتویں شرط نمازوں کی محافظت ہے۔ یعنی نماز کے اوقات اور حدود کی محافظت۔ ایسے لوگ جنت فردوس کے مالک و وارث ہوں گے۔ حدیث نبوی ﷺ ہے کہ تم میں سے کوئی ایسا نہیں جس کے لیے دو مقام نہ ہوں: ایک جنت میں اور ایک جہنم میں۔ پس اگر کوئی جہنم جاتا ہے تو جنت میں اس کے مقام کے وارث اہل جنت ہوں گے۔ یعنی اپنے اعمال کی جزا میں جو مقام ملے گا یہ اس کے علاوہ ہے اور بغیر زحمت کے اللہ کی طرف سے عنایۃً مل رہا ہے۔ اس لیے اس کو وراثت سے تعبیر فرمایا ہے۔