کمال مطلق عبادت کا سبب


اَللّٰہُ لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا ہُوَ ؕ لَہُ الۡاَسۡمَآءُ الۡحُسۡنٰی﴿۸﴾

۸۔ اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں ہے، بہترین نام اسی کے ہیں۔

8۔ پرستش کے جتنے بھی محرکات ہیں وہ سب اللہ تعالیٰ میں موجود ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور پر کوئی لفظ دلالت کرتا ہے تو وہ کماحقہ نہیں ہوتا۔ مثلاً اگر کسی کو عالم کہا جائے تو عالم اس شخص پر کماحقہ دلالت نہیں کرتا۔ کیونکہ جو علم اس عالم کے پاس ہے وہ عارضی اور ناقص ہے۔ نہ اس کا ذاتی ہے بلکہ کسی کا دیا ہوا ہے، نہ وہ تمام معلومات کا علم رکھتا ہے، جبکہ اللہ تعالیٰ کا علم کسی کا دیا ہوا نہیں بلکہ ذاتی ہے اور وہ تمام معلومات کا علم رکھتا ہے۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کی قدرت اور حیات ذاتی اور کامل ہے، عارضی اور ناقص نہیں ہے۔ لہٰذا علم، حیات، قدرت وغیرہ میں جو بھی جمال و کمال قابل تصور ہے، وہ سب اللہ تعالیٰ کو حاصل ہے۔ جیسا کہ ہم علیم، قدیر، حی و قادر کے اسماء سے اللہ کو یاد کرتے ہیں۔