قوم لوط کی بدکاریاں


وَ لُوۡطًا اِذۡ قَالَ لِقَوۡمِہٖۤ اَتَاۡتُوۡنَ الۡفَاحِشَۃَ وَ اَنۡتُمۡ تُبۡصِرُوۡنَ﴿۵۴﴾

۵۴۔ اور لوط (کا وہ وقت یاد کرو) جب انہوں نے اپنی قوم سے کہا: کیا تم بدکاری کا ارتکاب کرتے ہو؟ حالانکہ تم دیکھ رہے ہوتے ہو۔

54۔ وَ اَنۡتُمۡ تُبۡصِرُوۡنَ : جب تک بدکاری کرتے ہو تو اس طرح کرتے ہو کہ ایک دوسرے کو دیکھ رہے ہوتے ہو۔ جیسا کہ دوسری جگہ فرمایا: وَ تَاۡتُوۡنَ فِیۡ نَادِیۡکُمُ الۡمُنۡکَرَ (عنکبوت:29) تم اپنی محفلوں میں برائی کا ارتکاب کرتے ہو۔

اَئِنَّکُمۡ لَتَاۡتُوۡنَ الرِّجَالَ شَہۡوَۃً مِّنۡ دُوۡنِ النِّسَآءِ ؕ بَلۡ اَنۡتُمۡ قَوۡمٌ تَجۡہَلُوۡنَ﴿۵۵﴾

۵۵۔ کیا تم عورتوں کو چھوڑ کر شہوت پرستی کے لیے مردوں کا رخ کرتے ہو؟ بلکہ تم تو جاہل قوم ہو۔

55۔ انجام بد سے بے خبر اس فحاشی کا ارتکاب کرتے ہو۔ واضح رہے وقتی سر مستی انسان کو انجام بد سے غافل کر دیتی ہے۔

فَمَا کَانَ جَوَابَ قَوۡمِہٖۤ اِلَّاۤ اَنۡ قَالُوۡۤا اَخۡرِجُوۡۤا اٰلَ لُوۡطٍ مِّنۡ قَرۡیَتِکُمۡ ۚ اِنَّہُمۡ اُنَاسٌ یَّتَطَہَّرُوۡنَ﴿۵۶﴾

۵۶۔ تو ان کی قوم کا بس یہی جواب تھا کہ وہ کہیں لوط کے گھر والوں کو اپنی بستی سے نکال دو یہ لوگ بڑے پاکباز بنتے ہیں۔

56۔ وہ اس بدکاری سے اجتناب کرنے کو طنز میں بدل دیتے تھے اور پاکبازی ان کے ہاں معیوب چیز تھی۔ آج کل کی مغربی تہذیب کی طرح کہ پاکبازی کو قدامت پرستی اور فکری پسماندگی کی علامت سمجھتے ہیں۔

وَ لُوۡطًا اِذۡ قَالَ لِقَوۡمِہٖۤ اِنَّکُمۡ لَتَاۡتُوۡنَ الۡفَاحِشَۃَ ۫ مَا سَبَقَکُمۡ بِہَا مِنۡ اَحَدٍ مِّنَ الۡعٰلَمِیۡنَ﴿۲۸﴾

۲۸۔ اور لوط کو بھی (رسول بنایا) جب انہوں نے اپنی قوم سے کہا: بلاشبہ تم اس بے حیائی کا ارتکاب کرتے ہو جس کا تم سے پہلے اہل عالم میں سے کسی نے بھی ارتکاب نہیں کیا۔

28۔ یعنی قوم لوط سے پہلے دنیا اس حرکت بد سے آشنا نہ تھی یا دنیا میں کسی قوم میں یہ بد فعلی اس قدر نہیں پھیلی جیسے اس قوم میں پھیلی ہے۔

اَئِنَّکُمۡ لَتَاۡتُوۡنَ الرِّجَالَ وَ تَقۡطَعُوۡنَ السَّبِیۡلَ ۬ۙ وَ تَاۡتُوۡنَ فِیۡ نَادِیۡکُمُ الۡمُنۡکَرَ ؕ فَمَا کَانَ جَوَابَ قَوۡمِہٖۤ اِلَّاۤ اَنۡ قَالُوا ائۡتِنَا بِعَذَابِ اللّٰہِ اِنۡ کُنۡتَ مِنَ الصّٰدِقِیۡنَ﴿۲۹﴾

۲۹۔ کیا تم (شہوت رانی کے لیے) مردوں کے پاس جاتے ہو اور رہزنی کرتے ہو اور اپنی محافل میں برے کام کرتے ہو؟ پس ان کی قوم کا جواب صرف یہ تھا کہ وہ کہیں: ہم پر اللہ کا عذاب لے آؤ اگر تم سچے ہو۔

29۔ قوم لوط کی بستی چونکہ شام جانے والے قافلوں کے راستے میں واقع تھی، وہ ان قافلوں پر رہزنی کرتے تھے اور اپنی بدکاریاں پوشیدہ طور پر نہیں کرتے تھے، بلکہ اس کے لیے محفلیں جماتے تھے۔ جیسا کہ آج پکچر گیلری، سینما، میوزک ہال وغیرہ میں بھی منکرات بجا لائے جاتے ہیں۔