السجدة آیہ23
وَ لَقَدۡ اٰتَیۡنَا مُوۡسَی الۡکِتٰبَ فَلَا تَکُنۡ فِیۡ مِرۡیَۃٍ مِّنۡ لِّقَآئِہٖ وَ جَعَلۡنٰہُ ہُدًی لِّبَنِیۡۤ اِسۡرَآءِیۡلَ ﴿ۚ۲۳﴾
۲۳۔ اور بتحقیق ہم نے موسیٰ کو کتاب دی ہے لہٰذا آپ اس (قرآن) کے ملنے میں کسی شبہے میں نہ رہیں اور ہم نے اس کتاب کو بنی اسرائیل کے لیے ہدایت(کا ذریعہ) بنایا۔
23۔ یہ قرآن کا طرز خطاب ہے کہ جسے بہت زیادہ اہمیت دینا مقصود ہو وہاں خطاب براہ راست رسول (ص) سے ہوتا ہے اور بتانا دوسروں کو مقصود ہوتا ہے۔ لِّــقَاۗىِٕہٖ میں ضمیر الْكِتٰبَ کی طرف ہے اور لِقَاء تَلَقِّی کے معنوں میں ہے، جیسے كِتٰبًا يَّلْقٰىہُ مَنْشُوْرًا میں ہے۔ یعنی ہم نے جیسے موسیٰ(ع) کو کتاب دی ہے، آپؐ کو بھی کتاب دی ہے۔ لہٰذا آپؐ کو اس کتاب (قرآن) کے ملنے میں کوئی شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ حضرت موسیٰ (ع) کا ذکر اس لیے ہوا کہ رسالتمآب(ص) کے ساتھ آپؑ کی بہت سی خصوصیات ایک جیسی ہیں۔