یٰۤاَیُّہَا الۡاِنۡسَانُ اِنَّکَ کَادِحٌ اِلٰی رَبِّکَ کَدۡحًا فَمُلٰقِیۡہِ ۚ﴿۶﴾

۶۔ اے انسان! تو مشقت اٹھا کر اپنے رب کی طرف جانے والا ہے، پھر اس سے ملنے والا ہے۔

6۔ اے انسان! تجھے اس کرہ ارض کی پشت پر عیش و آرام اور پر تعیش زندگی گزارنے کے لیے نہیں بھیجا گیا تھا، نہ ہی لہو و عبث اور کھیل کود کے لیے بھیجا گیا تھا، بلکہ تجھے خلیفۃ اللہ کے منصب پر فائز کر کے بھیجا اور اس فیصلے کے ساتھ کہ تجھے خواہ اپنی زندگی کا سامان فراہم کرنا ہو یا اپنے ارتقائی سفر کا، یعنی اپنی انتہائی منزل (رضائے رب) تک پہنچنا ہو، ہر بات کے لیے تجھے خود محنت و مشقت کرنا ہے۔ اللہ کا یہ فیصلہ ہے کہ وہ از خود مفت میں بلا استحقاق کسی کو کوئی مقام نہیں دے گا۔