وَ الۡاَرۡضَ بَعۡدَ ذٰلِکَ دَحٰىہَا ﴿ؕ۳۰﴾

۳۰۔ اور اس کے بعد اس نے زمین کو بچھایا۔

30۔ یعنی آسمان کو بلند کرنے، دن رات کے وجود میں آنے کے بعد زمین کا دحو ہوا۔ دحو بچھانے کو کہتے ہیں۔جوہری نے صحاح میں کہا: دحو لڑھکنے کو کہتے ہیں۔ راغب نے کہا: اذا لھا عن مقرھا ۔ اپنے ٹھکانے سے ہٹا دینے کو کہتے ہیں۔ ہم دحو کو بچھانے کے معنوں میں لیتے ہیں۔ کرﮤ زمین کی تخلیق پہلے ہوئی لیکن بچھانے کا عمل بعد میں ہوا۔ جب آسمان خلق ہوئے تو آسمان سے باقی کرات میں دن اور رات وجود میں آنے لگے۔ اس کے بعد زمیں کو بچھانا شروع کیا۔ اس سے پہلے زمین ایک آتشیں کرہ تھی۔ آہستہ آہستہ سرد ہونا شروع ہوئی اور مٹی وجود میں آنے لگی۔ جسے دحو کہا گیا ہے یا یہ کہ شروع میں زمین کو سرد کرنے کے لیے پورا کرہ ارض پانی میں ڈوبا ہوا تھا، آہستہ آہستہ خشکی نمودار ہونا شروع ہوئی جسے دحو کہتے ہیں۔ پھر اس خشکی میں دریا اور چشمے جاری کر دیے، جس سے حیوانوں کے لیے چارہ اور انسانوں کے لیے دانہ وجود میں آیا۔