فَالۡمُدَبِّرٰتِ اَمۡرًا ۘ﴿۵﴾
۵۔ پھر امر کی تدبیر کرنے والے ہیں۔
1۔5 کہتے ہیں الف و تاء کے ساتھ فرشتوں کے لیے جمع مؤنث نہیں بنائی جاتی۔ کیونکہ یہ تو مشرکوں کا شعار ہے: لَیُسَمُّوۡنَ الۡمَلٰٓئِکَۃَ تَسۡمِیَۃَ الۡاُنۡثٰی (نجم: 27) وہ فرشتوں کے نام لڑکیوں جیسے رکھتے ہیں۔ جواب یہ ہے: اصل کلام جماعۃ الملائکۃ ہے۔ لفظ جماعۃ محذوف ہے۔ قرآن میں دوسری جگہوں پر فرشتوں کے لیے الف و تاء کے ساتھ جمع بنائی گئی ہے۔ جیسے لَہٗ مُعَقِّبٰتٌ (رعد : 11) میں یقیناً فرشتے مراد ہیں۔ وَ الصّٰٓفّٰتِ صَفًّا (صافات:1) میں بھی اکثر نے کہا ہے کہ فرشتے مراد ہیں۔
یہ پانچ اوصاف ان فرشتوں کے ہیں جن کی مختلف ذمہ داریاں ہیں۔ آیت کے سیاق سے معلوم ہوتا ہے کہ پہلے چار اوصاف کے بعد پانچویں وصف یعنی تدبیر امور کی نوبت آتی ہے۔لہٰذا پہلے چار اوصاف تدبیر امور کائنات کے تمہیدی امور معلوم ہوتے ہیں۔ تدبیر امور کے سلسلے میں فرشتے اللہ کی طرف سے وحی نازل کرنے میں واسطہ ہوتے ہیں۔ امتوں پر بلا نازل کرنے کے لیے واسطہ ہوتے ہیں۔ قبر میں حساب لینے، قیامت کے دن ثواب و عقاب دینے کے لیے، جہنم کے داروغہ کے طور پر کام کرنے کے لیے ذرائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ بہت سے امور فرشتوں کے ذریعے انجام پاتے ہیں، جن میں حقیقی مدبر تو خود اللہ تعالیٰ ہے، لیکن فرشتے کاتب کے ہاتھ میں قلم کی طرح ہوتے ہیں۔
سیاق سے معلوم ہوتا ہے کہ جس بات پر ان فرشتوں کی قسم کھائی گئی ہے، وہ یہ ہے کہ قیامت ضرور آئے گی۔