ذَرۡنِیۡ وَ مَنۡ خَلَقۡتُ وَحِیۡدًا ﴿ۙ۱۱﴾

۱۱۔ مجھے اور اس شخص کو (نبٹنے کے لیے) چھوڑ دو جسے میں نے اکیلا پیدا کیا،

11 تا 30۔ یہ تعبیر عام ہے ہر کافر کے لیے۔ ساتھ اشارہ ہے مکہ کے ایک شخص ولید بن مغیرہ کی طرف جو دولت مند اور کثیر الاولاد تھا۔ ان میں خالد بن ولید زیادہ مشہور ہے۔ اسی نے مشورہ دیا تھا کہ حج کے لیے آنے والوں میں مشہور کرو کہ محمد ﷺ جادوگر ہیں (نعوذ باللّٰہ)۔ اس سلسلے میں ولید کو حضور ﷺ کے خلاف مؤقف تراشنے میں جس کشمکش کا سامنا کرنا پڑا، قرآن نے نہایت وضاحت کے ساتھ اس کی تصویر کشی کی ہے کہ ولید نے کہا تھا: ہم اس شخص کو کاہن، شاعر اور ساحر نہیں کہ سکتے۔ ابوجہل کے کہنے پر اس نے سوچ کر کہا: اس کو جادوگر کہنا ہی سب سے زیادہ مناسب ہے۔ (نعوذ باللّٰہ)