وَّ اَنَّ الۡمَسٰجِدَ لِلّٰہِ فَلَا تَدۡعُوۡا مَعَ اللّٰہِ اَحَدًا ﴿ۙ۱۸﴾

۱۸۔ اور یہ کہ مساجد اللہ کے لیے ہیں، لہٰذا اللہ کے ساتھ کسی کو نہ پکارو۔

18۔ ائمہ علیہم السلام کی احادیث کے مطابق الۡمَسٰجِدَ سے مراد اعضائے سجدہ ہیں کہ ان اعضاء پر غیر اللہ کے لیے سجدہ نہ کرو۔ امام محمد باقر علیہ السلام سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: السُّجُودُ عَلَی سَبْعَۃِ اَعْظُمِ الْجَبْھَۃِ وَ الْیَدَیْنِ وَ الرُّکْبَتَیْنِ وَ الْاِبْہَامَیْنِ وَ تُرْغِمُ بَاَنْفِکَ اِرْغَاماً فَاَمَّا الْفَرْضُ فَھَذِہِ السَّبْعَۃُ وَ اَمَّا الْاِرْغَامُ بَالْاَنْفِ فَسُنَّۃٌ مِنَ النَّبِیِّ ص (التہذیب 2: 99)۔ سجدہ سات اعضاء پر ہونا چاہیے۔ پیشانی، دونوں ہاتھوں، دونوں گٹھنوں اور دونوں پاؤں کے انگوٹھوں پر۔ ناک زمین پر لگانا ہو گی۔ یہ سات واجب ہیں۔ ناک زمین پر لگانا سنت نبی ﷺ ہے۔

حنفی کے نزدیک صرف پیشانی کا سجدہ واجب ہے۔ بعض ناک کو بھی شامل کرتے ہیں (رشحات:37)

حنبلی اور مالکی کے نزدیک سات اعضا پر سجدہ واجب ہے۔ ناک کا زمین پر لگانا مستحب ہے۔ شافعی ایک قول میں صرف پیشانی کا سجدہ صحیح سمجھتے ہیں۔ اسلامی مصادر سے جو ثابت ہوتا ہے، وہ سات اعضاء پر سجدہ واجب ہے۔ ناک کا زمین پر لگانا مستحب ہے۔ صحیح بخاری کتاب الاذان میں ہے:رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: امرنا ان نسجد علی سبعۃ اعظم ۔ ہمیں حکم ملا ہے کہ سات اعضا پر سجدہ کریں۔ اس کے بعد پیشانی دونوں ہاتھ دونوں گٹھنوں اور دونوں پاؤں کا ذکر ہے۔

ان احادیث میں سات اعضاء کے لیے تین مختلف تعبیریں ہیں: سبعۃ اعظم۔ سبعۃ اطراف۔ سبعۃ آراب ۔ ملاحظہ ہو صحیح مسلم باب اعضاء السجود۔ ترمذی باب ما جاء فی السجود۔ ان میں ناک کا ذکر نہ ہونا دلیل ہے یہ مستحب ہے، فرض نہیں ہے۔

خاک پر سجدہ: فقہ جعفری کے مطابق سجدہ، خاک پر ہو سکتا ہے یا خاک سے اگنے والی اشیاء پر، جو کھانے اور لباس کی چیزوں اور معادن میں سے نہ ہوں۔

1۔ اس پر رسول اللہ ﷺ کا عمل شاہد ہے کہ آپ ﷺ مٹی پر سجدہ فرمایا کرتے تھے۔ صحیح بخاری کتاب الاذان میں ابو سعید خدری راوی ہیں: کان یسجد فی الماء و الطین حتی رایت اثر الطین فی جبھۃ ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم آب و گِل پر سجدہ کرتے تھے کہ میں نے حضور ﷺ کی پیشانی کو گل آلود دیکھا۔ یہ بارش کے دنوں کی بات ہے جب مسجد نبوی ﷺ کی چھت ٹپک رہی تھی۔

2۔ رسول اللہ ﷺ الخُمرۃ پر سجدہ کیا کرتے تھے۔ خمرۃ کھجور کی چھال سے بنی ہوئی ہتھیلی کے برابر چھوٹی چٹائی کو کہتے ہیں۔ تلخیص الصحاح میں اور محمد طاہر نے مجمع بحار صفحہ 377 میں کہا ہے: الخُمرۃ وہی ہے جس پر آج کل شیعہ سجدہ کرتے ہیں۔ صحیح بخاری کتاب الصلوۃ میں آیا ہے: کان رسول اللہ یصلی علی الخُمرۃ ۔ رسول اللہ ﷺ خمرۃ پر سجدہ کیا کرتے تھے نیز ملاحظہ ہو صحیح مسلم باب الصلوۃ علی الخُمرۃ ۔

3۔ رسول اللہ ﷺ کا سجدہ کے بارے میں یہ فرمان ہے کہ تَرِّبْ وَجْھَکَ اپنے چہرے کو خاک آلود کرو۔ ملاحظہ ہو صحیح ترمذی کتاب الصلوۃ۔ مسند احمد باب حدیث ام سلمہ۔

سنت نبوی ﷺ کے مطابق ہر خاک پر سجدہ کرنا بہتر ہے تو جس شہید نے اس سجدے کی خاطر جان دی ہو، اس کی خاک پر سجدہ کرنا یقینا افضل ہے۔ امام جعفر صادق علیہ السلام سے روایت ہے: اِنَّ السُّجُودَ عَلَی تُرْبَۃِ اَبِی عَبْدِ اللہِ علیہ السلام یَخْرِقُ الْحُجُبَ السَّبْعَ ۔ (الوسائل5: 311 باب استحباب السجود۔۔۔) حضرت امام حسین علیہ السلام کی تربت پر سجدہ کرنا (قبولیت کے لیے مانع) سات پردوں کو ہٹا دیتا ہے۔