وَ اَنَّ عَلَیۡہِ النَّشۡاَۃَ الۡاُخۡرٰی ﴿ۙ۴۷﴾

۴۷۔ اور یہ کہ دوسری زندگی کا پیدا کرنا اس کے ذمے ہے۔

47۔ عَلَیۡہِ : اپنے وعدے پر عمل کرنا ضروری ہے اور حکمت خلق و ایجاد کے اعتبار سے بھی ضروری ہے اور انسان کو مکلف بنانے کے اعتبار سے بھی روز حساب کا ہونا لازمی ہے، ورنہ وعدہ خلافی سے خلق و ایجاد عبث ہوتی اور مکلف بنانے پر ظلم لازم آتا۔ یہ خود ارادﮤ الٰہی کے تحت اللہ پر لازم اور واجب ہے، کسی برتر قانون کے ماتحت پابند ہونے کی وجہ سے نہیں۔ جیسے کَتَبَ رَبُّکُمۡ عَلٰی نَفۡسِہِ الرَّحۡمَۃَ ۔ (انعام: 54) تمہارے پروردگار نے رحمت کو اپنے اوپر لازم کیا ہے۔ اس آیت میں لفظ کَتَبَ اور عَلٰی دونوں وجوب لازم پر دلالت کرتے ہیں۔ لہٰذا یہ کہنا: حق تعالیٰ پر کوئی سی بھی چیز واجب نہیں ہے(دریابادی)، صریح قرآن اور خود ارادہ الٰہی کے خلاف ہے اور ساتھ خود محشی و دیگر مفسرین کی تصریحات کے بھی خلاف ہے، جو انہوں نے آیہ کَتَبَ رَبُّکُمۡ عَلٰی نَفۡسِہِ الرَّحۡمَۃَ کے ذیل میں کی ہیں۔