ذٰلِکُمۡ بِمَا کُنۡتُمۡ تَفۡرَحُوۡنَ فِی الۡاَرۡضِ بِغَیۡرِ الۡحَقِّ وَ بِمَا کُنۡتُمۡ تَمۡرَحُوۡنَ ﴿ۚ۷۵﴾

۷۵۔ یہ (انجام) اس لیے ہوا کہ تم زمین میں حق کے برخلاف (باطل پر) خوش ہوتے تھے اور اس کا بدلہ ہے کہ تم اترایا کرتے تھے۔

75۔ فَرَحَ خوش ہونا اور مَرَحَ حد سے زیادہ خوش ہونا۔فَرَحَ اور وہ خوشی مذموم ہے جو آخرت کا انکار یا اسے فراموش کر کے صرف دنیا کی آسائشوں پر منائی جائے یا اہل حق کے خلاف از راہ تمسخر خوش ہوا جائے۔ ورنہ اللہ کی نعمتوں پر خوش ہونے میں نہ صرف کوئی حرج نہیں، بلکہ یہ خوشی اللہ کو پسند ہے۔ قُلۡ بِفَضۡلِ اللّٰہِ وَ بِرَحۡمَتِہٖ فَبِذٰلِکَ فَلۡیَفۡرَحُوۡا (یونس : 58)۔ کہ دیجیے یہ اللہ کے فضل اور اس کی رحمت سے ہے، پس انہیں چاہیے اس پر خوشی منائیں۔ جبکہ فَرَحَ اترانے کی مطلق ممانعت ہے، کیونکہ اترانے کی کوئی صورت مستحسن نہیں ہے۔